رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کیا بارش بھارت کی امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہے؟


ایڈیلیڈ میں منگل کو بھی ہلکی بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے ان ڈور پریکٹس کی تھی۔
ایڈیلیڈ میں منگل کو بھی ہلکی بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے ان ڈور پریکٹس کی تھی۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مقابلوں میں آج بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں انتہائی اہم میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ میچ نہ صرف بھارت کو سیمی فائنل میں رسائی دلانے کے لیے اہم ہے بلکہ میچ کے فیصلے سے پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بھی جڑی ہیں۔

بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان یہ میچ ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہو گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 'ٹو' میں شامل یہ دونوں ٹیمیں اس کوشش میں ہیں کہ میچ جیت کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کیے جائیں اور سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی امیدوں کو روشن رکھا جائے۔ تاہم آج بارش کی بھی پیش گوئی ہے اور بارش کی صورت میں اگر میچ متاثر ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔

بھارتی ٹیم یہ نہیں چاہے گی کہ بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہو کیوں کہ اسے امید ہے کہ وہ بنگلہ دیش کو شکست دے کر اپنا سیمی فائنل کا سفر مزید آسان بنا سکتی ہے۔

بھارتی ٹیم کے کوچ راہل ڈریوڈ کا کہنا ہے کہ اگر بارش کی صورت میں میچ 10 یا 12 اوور تک محدود ہوا تو اس کے لیے بھی حکمتِ عملی تیار کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ ایڈیلیڈ میں منگل کو بھی ہلکی بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے ان ڈور پریکٹس کی تھی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج بادل جم کر برسیں گے۔

پوائںٹس ٹیبل کی صورتِ حال

گروپ 'ٹو' میں شامل تمام چھ ٹیمیں اپنے تین تین میچز کھیل چکی ہیں اور اب تک کوئی بھی ٹیم اگلے مرحلے میں نہیں پہنچ سکی ہے۔

اس وقت بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں چار چار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بھارت کو بنگلہ دیش پر سبقت حاصل ہے۔

پوائںٹس ٹیبل پر پانچ پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ پہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ زمبابوے تین پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور نیدرلینڈز بغیر کسی پوائنٹ کے آخری نمبر پر براجمان ہے۔

دلچسپ صورتِ حال یہ ہے کہ اگر بھارت اور بنگلہ دیش کا میچ بارش سے متاثر ہوتا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملتا ہے تو اس صورت میں پاکستان کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات مزید جاگ اٹھیں گے۔

پاکستان کو اپنے بقیہ دو میچز جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنا ہیں اور دونوں میچز میں کامیابی کی صورت میں گرین شرٹس کے چھ پوائنٹس ہو جائیں گے۔ اگر یہ صورت بنتی ہے تو پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا انحصار بھارت اور جنوبی افریقہ کے رن ریٹ پر ہو گا۔

XS
SM
MD
LG