رسائی کے لنکس

بھارت کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات ہوئے ہیں: امریکی وزیر دفاع


پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان دفاع سے متعلق تعلقات پر ایک پالیسی خطاب سےقبل امریکی وزیرِ دفاع لیون پنیٹا کی اپنے بھارتی ہم منصب سے ’’نتیجہ خیز ملاقات‘‘ ہوئی ہے۔

بدھ کو نئی دہلی میں ہونے والی اس ملاقات سے قبل امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا تھا کہ پنیٹا اور بھارتی وزیرِ دفاع اے کے انتونی دونوں ملکوں کے مابین عسکری تعاون کو مضبوط کرنے پر بات چیت کریں گے۔

امریکی وزیرِ دفاع نے بھارتی جنگی یادگار پر ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی اور پھول بھی چڑھائے۔

پنیٹا دو روزہ دورہ ختم کر رہے ہیں جس دوران انہوں نے بھارتی عہدے داروں سے خطے میں سلامتی کی صورت حال پر بات چیت کی۔

امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کیپٹن John Kirby نے بتایا کہ افغانستان میں سلامتی کی صورت حال امریکہ کے پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور بھارت بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے۔

’’میرا خیال ہے اُنھوں (لیون پنیٹا) نے بھارت کے اب تک کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ (بھارت) خطے اور خصوصاً افغانستان میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔‘‘

بھارت افغانستان کے لیے دو ارب ڈالر کی امداد فراہم کر چکا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ اکتوبر میں سلامتی اور اقتصادی اُمور سے متعلق ایک اسٹریٹیجک معاہدے پر دستخط بھی کیے تھے۔

XS
SM
MD
LG