رسائی کے لنکس

بھارت طالبان گروپ کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ


بھارتی وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا (فائل فوٹو)
بھارتی وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا (فائل فوٹو)

کرشنا نے کہا ہے کہ اگر طالبان تین شرائط کو قبول کرلیں تو بھارت اُن کے ساتھ معاملات چلائے گا

بھارت کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ طالبان کے بارے میں تشویش کے باوجود، ہوسکتا ہے کہ اُن کا ملک افغانستان میں اس باغی گروپ کے ساتھ بات چیت پر آمادہ ہوجائے۔

وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے ہفتے کے روز اخبار ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارت، مذاکرات کو کوئى موقع دینے پر رضامند ہوگا۔

انہوں نے یہ بات افغانستان کے بارے میں اس ہفتے لندن میں اُس اہم کانفرنس کے بعد کہی ہے، جس میں شریک تقریباً 70 ملکوں نے طالبان کے بعض عناصر کو نقد ترغیبات کے ذریعے واپس افغان معاشرے میں سمو لینے کے ایک منصوبے کی تائید کی ہے۔

کرشنا نے کہا ہے کہ اگر طالبان تین شرائط کو قبول کرلیں تو بھارت اُن کے ساتھ معاملات چلائے گا۔ وہ تین شرائط ہیں، افغانستان کے آئین کو تسلیم کرنا، القاعدہ اور دوسری دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے ختم کرنا اور تشدد کو ترک کرنا۔

انہوں نے طالبان کے بارے میں بھارت کے عدم اطمنان کا اعادہ کیا، جسے ایک ایسا دہشت گرد گروپ سمجھا جاتا ہے ، جس کے القاعدہ اور دوسری دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے ہیں۔

انہوں نے خود اپنے ملک کے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ” اچھے یا بُرے طالبان “ کے درمیان کوئى فرق کرنا مشکل ہے۔

XS
SM
MD
LG