رسائی کے لنکس

کنٹرول لائن پر فائرنگ کا تبادلہ، بھارتی فوجی ہلاک


پاکستان اور بھارت کی سرحد
پاکستان اور بھارت کی سرحد

بھارتی فوجی ذرائع کے مطابق، ایک مختصر جھڑپ کے دوران، بھارتی فوج کا ایک سپاہی ہلاک ہوگیا، جب کہ دراندازوں کو واپس پاکستانی علاقے میں لوٹنے پر مجبور کیا گیا

سری نگر میں بھارتی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ مسلح افراد کی ایک جمیعت نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پاکستانی کشمیر سے بھارتی کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے بھارتی فوجیوں نے ناکام بنا دیا۔

بھارتی فوج کے برگیڈیئر کے جے ایس ڈھلون نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ضلع بانڈی پور کے گُریز علاقے میں واقع آر سی پوسٹ پر تعینات بھارتی فوجیوں نے جب دیکھا کہ مسلح افراد لائن آف کنٹرول کے قریب آرہے ہیں تو اُنھیں للکارا گیا جس پر اُنھوں نے فائر کھولا۔ بھارتی فوج نے ہلکے ہتھیاروں سے گولی چلادی۔

اُن کے بقول، ایک مختصر جھڑپ کے دوران، بھارتی فوج کا ایک سپاہی چندر سنگھ ہلاک ہوگیا۔دراندازوں کو واپس پاکستانی علاقے میں لوٹنے پر مجبور کیا گیا۔

دریں اثنا، جموں میں بھارتی فوج کے افسروں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پونچھ کے علاقے میں پاکستانی فوج نے کنٹرول لائن پر واقع کئی بھارتی چوکیوں کو ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

یہ واقع بدھ کی رات کو پیش آیا۔ تاہم، اِس میں بھارتی علاقے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں۔

بھارتی فوج کے اس الزام کے مطابق، فائرنگ پاکستانی فوج کی تین چوکیوں دھاکو، شِو اور بَٹل سے کی گئی۔

جموں میں بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج کی اس حرکت کا جو، اُس کے بقول، سرحد پر نومبر 2003ء سے لاگو جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزی ہے، مؤثر جواب دے دیا گیا۔ تاہم، اُس نے اِس کی وضاحت نہیں کی۔
  • 16x9 Image

    یوسف جمیل

    یوسف جمیل 2002 میں وائس آف امریکہ سے وابستہ ہونے سے قبل بھارت میں بی بی سی اور کئی دوسرے بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نامہ نگار کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ انہیں ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں اب تک تقریباً 20 مقامی، قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے جن میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی طرف سے 1996 میں دیا گیا انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG