پاکستان اور بھارت نے اپنے اپنے ہاں قید ایک دوسرے کے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔
21 مئی 2008 کو ہونے والے ایک معاہدے کے تحت ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ان فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔
منگل کو پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان میں 296 بھارتی قید ہیں۔
ان میں 47 عام شہری، 237 ماہی گیر اور 12 نو عمر ماہی گیر شامل ہیں۔ یہ فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی گئی۔
اسی طرح بھارت نے بھی نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فہرست فراہم کی جس کے مطابق بھارت کی جیلوں میں 396 پاکستانی قید ہیں جن میں 257 شہری اور 139 ماہی گیر شامل ہیں۔
دریں اثناء پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق ایران نے 31 پاکستانی شہریوں کو منگل کو لیویز حکام کے حوالے کیا۔
ان شہریوں کو نامکمل سفری دستاویزات کے باعث ایران میں حراست میں لیا گیا تھا۔