رسائی کے لنکس

بھارتی حکومت پٹرول میں ملاوٹ کے خلاف موثر اقدامات کرے گی: ریڈی


جے پال ریڈی
جے پال ریڈی

بھارت کا کہناہے کہ ملک بھر میں پٹرول ملاوٹ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے آئندہ چھ ماہ کے دوران نئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے یہ اعلان اس کے دو روز بعد سامنے آیا ہے جب تیل میں ملاوٹ کرنے والوں نے انہیں اس کام سے روکنے والے ایک سرکاری اہل کار کو زندہ جلا دیا تھا۔

بھارتی حکومت پٹرول میں ملاوٹ کے خلاف موثر اقدامات کرے گی: ریڈی
بھارتی حکومت پٹرول میں ملاوٹ کے خلاف موثر اقدامات کرے گی: ریڈی

پٹرولیم کے بھارتی وزیر جے پال ریڈی نے کہا ہے کہ سرکاری تیل کمپنیاں بدھ کے روز اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران مارے جانے والے اہل کار کے خاندان کو تقریباً 56 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کریں گی۔

ریاست مہاراشٹر میں بدھ کے روز یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک اہل کار کے پٹرول میں ملاوٹ کرنے والے مشتبہ افراد کے قریب پہنچنے پر لڑائی بھڑک اٹھی۔ اس جرم میں ملوث افراد نے اہل کار پر مٹی کا تیل چھڑک کر اسے آگ لگادی اور زندہ جلا کر ہلاک کردیا۔ بربریت کے اس واقع کے خلاف بڑے پیمانے پر برہمی کا اظہار کیا گیا اور ہزاروں سرکاری ملازم احتجاجاً ہڑتال پر چلے گئے۔

ریڈی نے مہاراشٹر کی حکومت سے واقعہ کی تحقیقات کرنے اور حملہ آوروں کو سزا دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایک اہل کار کو پیش آنے والے سانحے کے علاوہ بھی اس واقعہ کی ایک اہمیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ لیکن اس واقعہ نے ایک بار پھر تیل میں ملاوٹ کے مسئلے کو نمایاں کردیا ہے۔

بھارت میں بڑے پیمانے پرایندھن میں ملاوٹ کی جاتی ہےاور اس کا الزام ان جرائم پیشہ افراد پرلگایا جاتا ہے جنہیں مقامی میڈیا ’ تیل مافیا‘ کا نام دیتاہے۔ ملاوٹ میں ملوث افراد مہنگے پٹرول اور گیس کی شپمنٹ روکتے ہیں، اس میں سستا مٹی کا تیل ملادیتے ہیں۔ بھارتی حکومت مٹی کے تیل پر کافی زرتلافی دیتی ہے کیونکہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کروڑوں افراد اسے کھانے پکانے کے استعمال کرتے ہیں۔

ریڈی نے مٹی کے تیل پر دی جانے والی سرکاری اعانت کم کرنے کو خارج ازامکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکام کو ایندھن کی فراہمی کی نقل و حرکت کا لازمی طورپر نظر رکھنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے ہم اگلے چھ ماہ میں پورے بھارت کے اندر مارکر نظام دوبارہ رائج کررہے ہیں ۔

مارکر ایک کیمیائی مرکب ہے جو مٹی کے تیل میں ملادیا جاتا ہے ۔ اگر اس مٹی کے تیل کو کسی دوسرے ایندھن میں ملایا جائے تو اس کا فوراً پتا چل جاتا ہے۔ برسوں پہلے بھارت میں رائج اس سے ملتے جلتے ایک ایسے ہی طریقہ کار کو اس کی افادیت ختم ہونے اورصحت سے لاحق خطرات کے پیش نظر ختم کردیا گیا تھا۔ ریڈی کا کہناہے کہ نئی ریسرچ کی روشنی میں اب مارکر کو مزید موثر بنالیا گیا ہے۔

تیل کی ملاوٹ کے خلاف مہم میں ایندھن کی نقل وحمل پر نظر رکھنے کے لیے گلوبل پوزیشننگ سسٹم ٹیکنالوجی کو بھی ایک اہم عنصر کے طورپر استعمال میں لایا جائے گا۔

بھارتی وزیر کا کہناتھا کہ تیل کمپنیاں پہلے ہی بڑے پیمانے پر جی پی ایس کا استعمال کررہی ہیں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ ایندھن سے بھرے ٹرک مقر رہ راستے سے ہٹ تو نہیں گئے اور آیا وہ کسی مقام پر بہت زیادہ وقت کے لیے کھڑے تو نہیں رہے۔

ریڈی کہتے ہیں کہ جی پی ایس کے ڈیٹا اور ایندھن کی نقل و حمل سے متعلق دوسری معلومات کو جلد ہی انٹرنیٹ کے ذریعے مربوط کردیا جائے گا تاکہ ایندھن لے جانے والے ٹرکوں کی موثر نگرانی ہوسکے۔ ان کا کہناتھا کہ مرکزی حکومت ریاستی حکومتوں کو یہ ٹیکنالوجی اور اس سلسلے میں تعاون بلامعاوضہ فراہم کرے گی تاکہ ایندھن کی ٹرانسپورٹیشن کے نظام کو زیادہ معیاری بنایا جاسکے۔

XS
SM
MD
LG