رسائی کے لنکس

بھارت: ٹیلی کام لائسنس کی منسوخی پر ناروے کی تشویش


بھارت: ٹیلی کام لائسنس کی منسوخی پر ناروے کی تشویش
بھارت: ٹیلی کام لائسنس کی منسوخی پر ناروے کی تشویش

ناروے نے بھارت کے ٹیلی کام سیکٹر میں کئی ارب ڈالرز کی اپنی مجوزہ سرمایہ کاری کے مستقبل پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے رواں ہفتے بھارتی حکومت کو ایک نارویجن کمپنی سمیت 122 ٹیلی کام کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا جنہیں عدالت کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رعایتی نرخوں پر لائسنس دیے گئے تھے۔

منگل کو ناروے کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر رگمر آسروڈ نے نئی دہلی میں اپنے بھارتی ہم منصب کپیل سبال سے ملاقات کی اور نارویجن کمپنی 'ٹیلی نار' کی بھارتی ٹیلی کام صنعت میں تین ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کو تحفظ دینے پہ زور دیا۔

ٹیلی نار ان چند غیر ملکی کمپنیوں میں شامل تھی جنہوں نے 2009ء میں بھارتی حکومت کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ملکی قوانین میں نرمی کیے جانے کے بعد مقامی کمپنیوں کے اشتراک سے بھارت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے موبائل فون سیکٹر میں قدم رکھا تھا۔

لیکن اب یہ کمپنیاں سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد اپنی سرمایہ کاری کے مستقبل کے بارے میں تشویش کا شکار ہیں جس کے تحت عدالت نے مبینہ طور پر دھاندلی کے ذریعے 122 ٹیلی کام کمپنیوں کو 2008ء میں کم قیمت پر دیے گئے لائسنسنز منسوخ کردیے ہیں۔

اس مقدمے کو بھارت میں بدعنوانی کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیا جارہا ہے جس میں حکومتی اہلکاروں نے لائسنس کی تقسیم میں بظاہر بعض مقامی کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا تھا۔

بھارتی حکومت سے کم نرخوں پر لائسنس حاصل کرنے والی مقامی کمپنیوں نے بعد ازاں لائسنس ٹیلی نار، متحدہ عرب امارات کی 'اتصالات' اور روس کی 'سسٹیما' سمیت غیر ملکی کمپنیوں کو فروخت کرکے بھاری منافع کمایا تھا۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اسکینڈل کے نتیجے میں قومی خزانے کو 40 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

عدالتی فیصلے پر ٹیلی نار سمیت غیر ملکی کمپنیوں نے احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کاروباری قواعد اور شرائط پر عدم اعتماد کی اس صورتِ حال میں غیر ملکی بھارت میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ہچکچائیں گے۔

نارویجن کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ بھارت میں کام جاری رکھنے کے لیے نئے لائسنسز خریدے گی تاہم اس کی جانب سے ملک میں اپنی سرمایہ کاری ختم کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیلی نار کے بھارت میں 3 کروڑ 60 لاکھ صارفن ہیں۔

XS
SM
MD
LG