بھارت کی مشرقی ریاست اُڑیسہ میں ماؤ نواز باغیوں کے ایک مبینہ حملے میں نو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق حملہ منگل کے روز سونا بیدا کے علاقے میں کیا گیا جہاں ایک پولیس پارٹی ماؤ باغیوں کی سرگرمیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں موجود تھی۔
حکام کے مطابق پولیس اہلکار اپنی گاڑی خراب ہوجانے کے بعد ایک ٹریکٹر کے ذریعے واپس لوٹ رہے تھے کہ ماؤ باغیوں کے حملے کا نشانہ بن گئے۔ واقعہ کے بعد سے ایک پولیس اہلکار لاپتا بھی ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
گذشتہ ہفتے بھی بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ باغیوں کی جانب سے نصب کردہ ایک باردودی سرنگ کے دھماکے میں سات پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
ماؤ نواز باغی بھارت کی 20 سے زائد ریاستوں میں سرگرم ہیں اور اُن کے بقول وہ دیہی آبادیوں کے لیے بہتر طرزِ زندگی، زمینوں اور ملازمتوں کے حصول کی خاطر مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بھارتی رہنما ماؤ باغیوں کی تحریک کو ملک کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا اندرونی خطرہ قرار دے چکے ہیں۔ گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری اس تحریک میں اب تک سینکڑوں پولیس اہلکار، شدت پسند اور عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔