رسائی کے لنکس

کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ پر حملہ، تین افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں پیر کو فوج کے ایک کیمپ پر حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔

بھارتی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں افراد سویلین مزدور تھے جو کہ سڑک کی تعمیر کے ایک منصوبے سے وابستہ تھے۔

فوج کے ایک بیان کے مطابق پیر کی صبح عسکریت پسندوں نے بٹل کے علاقے میں ’جنرل انجینیئرنگ ریزرو فورس‘ کے کمیپ پر حملہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس حملے میں ایک مزدور زخمی بھی ہوا اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

اس واقعہ سے متعلق مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ جس میں علاقے میں یہ حملہ ہوا وہ ’لائن آف کنٹرول‘ کے قریب واقع ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ مہینوں میں تعلقات کشیدہ ہیں اور کشمیر کو منقسم کرنے والی حد بندی لائن پر ہونے والی جھڑپوں سے دونوں جانب نا صرف جانی نقصان ہوا بلکہ سرحدی علاقوں میں رہنے والوں کی ایک بڑی تعداد کے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی میں اضافہ گزشتہ سال ستمبر کے وسط میں بھارت کے زیرانتظام علاقے اوڑی میں فوج کے ایک ہیڈکوارٹر پر عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم 18 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ہوا۔

اس حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں مبینہ عسکریت پسندوں کے اہداف کے خلاف ’سرجیکل اسٹرائیک‘ کا بھی دعویٰ کیا لیکن پاکستان اس دعوے کی مسلسل تردید کرتا آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG