بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں اتوار کو سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور پانچ دوسرے افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سری نگر میں سینکڑوں مشتعل مظاہرین ایک فوجی بنکر کو آگ لگانے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی گئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین اُس نوجوان کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے جسے گزشتہ ہفتے قریبی ضلع میں ایک مظاہرے کے دوران سکیورٹی فورسز نے مبینہ طور پر تشدد کر کے زخمی کردیا تھا اوروہ ایک روز قبل مقامی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا تھا۔
25 سالہ محمد رفیق بنگڑو کے جنازے میں شرکت سے لوٹنے والے مظاہرین نے سری نگر میں نور باغ کے علاقے میں قائم ایک فوجی تنصیب میں داخل ہونے کی کوشش کی جب اُن پر فائرنگ کی گئی۔
اتوار کو فوجیوں کی فائرنگ اور اس میں ہونے والی ہلاکت کے بعد سری نگرمیں کشیدگی میں اضافہ اور شہر میں جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے جبکہ بعض جگہوں پر پولیس اور مشتعل افراد میں تصادم کی اطلاعات بھی ملیں۔
ہنگاموں کو روکنے کے لیے سری نگر کے کچھ حصوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ اضافی پولیس اور نیم فوجی دستوں کو بھی کشیدگی والے علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔