رسائی کے لنکس

پاکستانی کمیشن کو اجمل قصاب تک رسائی نہیں ہو گی: بھارت


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

بھارتی حکام نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کی تحقیقات کے سلسلے میں آئندہ ماہ بھارت کا دورہ کرنے والے پاکستانی عدالتی کمیشن کو اجمل قصاب سے تفتیش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے ایک بھارتی ٹی وی سے گفتگو کے دوران توقع ظاہر کی تھی کہ کمیشن اجمل قصاب سے براہ راست بات چیت کرکے اُس کی جانب سے اقبال جرم کرنے کی تصدیق کرے گا۔

لیکن امریکی خبررساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ نے بھارتی وزارت داخلہ کے ترجمان ارا جوشی کے حوالے سے پیر کو خبر دی ہے کہ کمیشن کے دورے سے متعلق دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یاداشت میں ایسا کوئی اقدام شامل نہیں تھا۔

انسداد دہشت گردی کی ایک پاکستانی عدالت میں سات افراد کے خلاف ممبئی حملوں میں کردار ادا کرنے کے الزامات پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے اور ان مشتبہ شدت پسندوں کے وکلا کی استدعا پر عدالت نے مقدمے کی کارروائی میں پیش رفت کو پاکستانی عدالتی کمیشن کے دورہ بھارت سے مشروط کر رکھا ہے۔

رحمٰن ملک کے بقول بھارت کا اصرار ہے کہ اس مقدمے کو جلد سے جلد نمٹا کر زیر حراست افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے لیکن جب تک عدالتی کمیشن بھارتی گواہوں کے بیانات قلم بند نہیں کر لیتا مقدمے میں پیش رفت نہیں ہو سکتی۔

بھارت کے اقتصادی مرکز ممبئی میں نومبر 2008ء میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں غیر ملکیوں سمیت 166 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس کارروائی میں حصہ لینے والے مسلح افراد ما سوائے پاکستانی شہری اجمل قصاب کے بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG