چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں اتوار کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 192رنز کا نسبتاً آسان ہدف دیا جو بھارتی بیٹسمینوں نے صرف 2وکٹیں گنوا کر پورا کر لیا۔ تاہم، بھارتی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا۔
روہت شرما صرف 12رنز بنا کر مورنے موکیل کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ابتداء ہی میں نقصان اٹھانے کے بعد کپتان ویراٹ کوہلی نے شیکھر دھون کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 128رنز جوڑ کر ٹیم کو نا صرف مشکل سے نکالا، بلکہ جیت کے بھی قریب کر دیا۔ شیکھر دھون 78رنز کی اننگز کھیل کر کوہلی کا ساتھ چھوڑ گئے۔
کوہلی اور یووراج سنگھ نے مزید کوئی وکٹ گنوائے38ویں اوور میں 192رنز کا ہدف حاصل کرکے ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔
کوہلی 76 اور یوووراج 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے مورنے مورکیل اور عمران طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت سیمی فائنل میں پہنچنے والی گروپ بی کی پہلی اور ایونٹ کی تیسری ٹیم ہے۔ اس سے پہلے گروپ اے سے انگلینڈ اور بنگلادیش پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں۔
سیمی فائنل کی چوتھی ٹیم کا فیصلہ پیر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کے بعد ہوگا۔