رسائی کے لنکس

انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان کو شکست، بھارت فائنل میں


نیوزی لینڈ میں جاری ٹورنامنٹ کے پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 273رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 69 رنزپر ڈھیر ہوگئی۔

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 203 رنز کےبڑے فرق سے شکست دے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں اُس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

نیوزی لینڈ میں جاری ٹورنامنٹ کے پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 273رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 69 رنزپر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کے صرف تین بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے۔

کرائسٹ چرچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اوپنر پرتھوی شا اور منجوٹ کالرا نے 89 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ پرتھوی شاہ 41 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ منجوٹ کالرا بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 47رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد شوبمن گل نے ڈیسائی کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی اور اسکور 148رنز تک پہنچادیا۔ اس موقع پر ڈیسائی 20 رنز بناکر شوبمن کا ساتھ چھوڑ گئے۔

شوبمن گل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 102 رنز بنائے جبکہ نئے آنے والے بیٹسمینوں میں انوکل رائے 33 اور شووم ماوی 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے محمد موسیٰ نے چار اور ارشد اقبال نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور صرف 10 رنز پر نہ صرف اوپنرز کی جوڑی ٹوٹ گئی بلکہ وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جو پاکستان کی شکست پر جا کر ہی ختم ہوا۔ ایک کے بعد ایک بیٹسمین اپنی وکٹ گنواتا رہا اور 29 اعشاریہ 3 اوورز میں پوری ٹیم ریت کی دیوار کی مانند صرف 69 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

روحیل نذیر 18، سعد خان 15 اور محمد موسیٰ کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکا۔

بھارت کی طرف سے ایشان پوریل نے 4 جبکہ شیوا سنگھ اور ریان پراگ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ایونٹ کا فائنل 3 فروری کو آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان بے اوول، مائونگانو میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG