رسائی کے لنکس

بھارت: رشوت ستانی کے خلاف حزب اختلاف کی ملک گیر احتجاجی مہم


بھارت: رشوت ستانی کے خلاف حزب اختلاف کی ملک گیر احتجاجی مہم
بھارت: رشوت ستانی کے خلاف حزب اختلاف کی ملک گیر احتجاجی مہم

بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی کی سڑکوں پر حزب اختلاف کے زیر اہتمام حکومت کی مبینہ رشوت ستانی کے خلاف شروع کیے جانے والے ملک گیر مظاہروں کے سلسلے میں ہزاروں افراد نے دارالحکومت نئی دہلی کی سڑکوں پر جلوس نکالا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے بڑے پیمانے پررشوت ستانی اور بدعنوانی کے واقعات کو اجاگرکرنے کے لیے دو مہینوں پر مشتمل مظاہروں کی ایک مہم شروع کی ہے۔ کرپشن کے ان وقعات سے جن میں ٹیلی مواصلات کا اربوں ڈالر کا اسکینڈل بھی شامل ہے، وزیر اعظم من موہن سنگھ کی انتظامیہ کو دھچکا لگا ہے۔

بی جے پی، موبائل فونز کے لائسنسوں کی فروخت میں رشوت خوری کے الزام کی پارٹیوں کی مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہے۔ کرپشن کے اس واقعہ سے حکومت کو تقریباً 40 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور ٹیلی مواصلات کے وزیر اے راجا کو مستعفی ہونے پر مجبور ہونا پڑاجنہیں کانگریس کے زیر قیادت حکمران اتحاد کی ایک اہم شخصیت سمجھا جاتا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک لیڈر ارجن جیتلی نے وزیر اعظم من موہن سنگھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقدمے کی تحقیقات کا حکم دیں یا اخلاقی طورپر مستعفی ہوجائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان شک و شہبے کی اس فضا میں حکومت اپنا کام درست طور پر نہیں چلاسکتی۔

پیر کے روز مسٹر من موہن سنگھ نے کہا تھا کہ انہوں نے کچھ پوشیدہ نہیں رکھا اور وہ اس سلسلے میں پارلیمانی کمیٹی کے سوالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم وزیر اعظم یہ کہتے ہوئے کئی بارپارٹی تحقیقات کرانے سے انکار کرچکے ہیں کہ ان الزامات کے سلسلے میں کی جانے والی دوسری تحقیقات کافی ہیں۔

حزب اختلاف کے راہنماؤں کو توقع ہے کہ فروری میں پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں رخنہ ڈالنے کے لیے رشوت ستانی کے خلاف تحریک کے ذریعے اپنا دباؤ قائم رکھ سکیں گے۔

بدھ کے احتجاجی مظاہرے میں مظاہرین نے پیازوں کے ہار پہن رکھے تھے جوپیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے میں حکومت کی ناکامی کی سمت اشارہ تھا۔

XS
SM
MD
LG