افغان صدر حامد کرزئی نے بھارت میں ایک کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ برسوں سے جاری جنگ نے افغانستان میں ماحول کو نقصان پہنچایا ہے۔
جمعرات کے روز نئی دہلی میں ماحول سے متعلق ایک کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے مسٹر کرزئی نے کہا کہ گذشتہ 30 برسوں سے افغانستان میں درختوں، دریاؤں ، زمین اور ان پر انحصار کرنے والے افغانوں کو تباہی کا سامنا کرنا پڑاہے۔
تاہم مسٹر کرزئی نے صارفین میں اخراجات کے بڑھتے ہوئے رجحان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ گذشتہ چند برسوں میں ملک میں امداد اور سرمایہ کاری کی آمد کے باعث ہوا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کانفرنس میں اپنی تقریر میں کہاکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ماحول سے متعلق قوانین واضح کرے۔
مسٹر کرزئی ، بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ دوطرفہ مسائل اور ترقیاتی کوششوں پر بات چیت کے لیے بھارت کے دو روزہ دورے پر ہیں۔