رسائی کے لنکس

بھارت میں ٹرین کے حادثے میں31 مسافر ہلاک


ٹرین میں لگ بھگ ایک ہزار مسافر سوار تھے۔
ٹرین میں لگ بھگ ایک ہزار مسافر سوار تھے۔

شمالی بھارت میں اتوار کو ریل گاڑی کے ایک حادثے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اورایک سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

حادثہ ریاست اتر پردیش کے شہر فتح پور میں پیش آیا جس میں مسافر ٹرین کی 13 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

امدادی کارکنوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تباہ شدہ ڈبوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کا کام شروع کردیا جس میں فوجی اہلکار بھی اُن کی معاونت کررہے ہیں۔ زخمیوں میں ریل گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والے مسافر ٹرین کلکتہ کے قریب ایک شہر سے نئی دہلی جا رہی تھی۔

ریاست اتر پردیش میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ریل گاڑی کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ حادثہ ریاست کے دارالحکومت لکھنو سے 120 کلومیٹر دور پیش آیا تاہم فوری طور پر اس کے اسباب معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔

ٹرین کی بوگیاں جب پٹڑی سے اُتر رہی تھیں تو بعض مسافروں نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر باہر چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین میں لگ بھگ ایک ہزار مسافر سوار تھے۔ بھارت میں روزانہ نو ہزار ٹرینیں چلتی ہیں جن میں تقریباََ ایک کروڑ اَسی لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG