رسائی کے لنکس

قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی تیاریاں مکمل


پاکستان کی قومی اسمبلی۔ فائل فوٹو
پاکستان کی قومی اسمبلی۔ فائل فوٹو

پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد منتخب ہونے والی پندرہویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس پیر کی صبح دس بجے ہو گا۔

اس اجلاس کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے سپیکر ایاز صادق سے ملاقات کی اور متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سپیکر ہاوٴس میں ملاقات کی۔ تحریک انصاف کے وفد میں نامزد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک، مرکزی ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری اور شفقت محمود شامل تھے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس سمیت نئے اسپیکر کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کے الیکشن سے متعلق تحفظات دور کریں گے۔ آج شام کو خورشید شاہ سے بھی ملیں گے۔ اپوزیشن کی تعداد بہت بڑی ہے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ملکر چلنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ احتساب ملک کے لئے ضروری ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف مسلم لیگ نون سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشنز کے قیام کو اہم سمجھتی ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا۔ ایاز صادق سے ملاقات کا مقصد بھی (ن) لیگ کے پارلیمانی رہنما کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دینا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی ایوان کے معاملات مشاورت سے چلانا چاہتی ہے اور قومی اسمبلی میں انتخابات کے معاملات پر بات چیت کے لیے بھی تیار ہے۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ بطور سپیکر پہلے اجلاس کی کارروائی قواعد کے مطابق چلاؤں گا۔ پی ٹی آئی وفد نے الیکشن سے متعلق تحفظات پر بھی بات کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پارلیمنٹ لاجز میں نئی الاٹمنٹس پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے جبکہ سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لئے مقابلے کی صورت میں سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ پر بھی اعتراض کیا گیا۔

پیر کے روز ہونے والےاجلاس کی صدارت سپیکر ایاز صادق کریں گے جس میں نو منتخب اراکین قو می اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

کل ہونے والے اجلاس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور خصوصی پاسز کے سوا پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلہ بند ہو گا۔ اراکین اسمبلی کے صرف دو مہمانوں کو پاسز جاری کیے گئے ہیں۔ کل اجلاس میں حلف برداری کے سوا کوئی کاروائی نہیں ہو گی جبکہ سپیکر ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے کل سے کاغذات نامزدگی جمع ہو ں گے اور انتخاب 15 اگست کو کیا جائے گا۔

کل ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بھی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچے اور قومی اسمبلی میں بطور رکن اسمبلی اپنی رجسٹریشن کروائی اور کارڈ وصول کیے۔

XS
SM
MD
LG