رسائی کے لنکس

میں دنیا بھر میں کشمیر کا سفیر بنوں گا، عمران خان کا خطاب


وزیر اعظم عمران خان۔ (فائل فوٹو)
وزیر اعظم عمران خان۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے آج قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کشمیر کیلئے کچھ کرے یا نہ کرے، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود دنیا بھر میں کشمیر کا سفیر بنیں گے اور ان کی مکمل آزادی تک بھر پور کوشش کرتے رہیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے اور انہوں نے اس سلسلے میں اپنا آخری پتہ پھینک دیا ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور اس موقع پر دنیا بھر کو کشمیر کے مسئلے کی حقیقی صورت حال سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب تک پاکستان کی تمام قوم ہر ہفتے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر ایک تقریب منعقد کرے گی اور اس سلسلے میں پہلی تقریب اس جمعہ کے روز ہو گی جب ملک بھر میں ہر جگہ پر لوگ بارہ سے ساڑھے بارہ بجے کے دوران اکٹھے ہو کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب اقوام متحدہ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اب تک اقوام متحدہ نے صرف طاقتور ملکوں کا ساتھ دیا ہے۔ لیکن اب اس عالمی ادارے کو ثابت کرنا ہو گا کہ وہ کشمیریوں جیسے مظلوم لوگوں کا ساتھ دے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ دنیا کو اس بات کا احساس ہونا چاہئیے کہ بھارت اور پاکستان دونوں جوہری ہتھیاروں کے حامل ملک ہیں اور اگر حالات جنوبی ایشیا کو جنگ کی طرف لے گئے تو تباہی صرف جنوبی ایشیا میں ہی نہیں ہو گی بلکہ تمام دنیا بھی اس سے شدید طور پر متاثر ہو گی۔

XS
SM
MD
LG