رسائی کے لنکس

عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھالیا


عمران خان کی حلف برداری کی تقریب ہفتے کی صبح ایوانِ صدر میں ہوئی جس میں صدرِ مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے حلف لیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھالیا ہے جس کے بعد وہ باضابطہ طور پر پاکستان کے بائیسویں وزیرِ اعظم بن گئے ہیں۔

عمران خان کی حلف برداری کی تقریب ہفتے کی صبح ایوانِ صدر میں ہوئی جس میں صدرِ مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے حلف لیا۔

تقریبِ حلف برداری میں نگران وزیرِ اعظم ناصر الملک، ان کی کابینہ کے ارکان، مسلح افواج کے سربراہان، مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما، غیر ملکی سفارت کاروں، شوبز کی نمایاں شخصیات اور تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب میں عمران خان کی کپتانی میں 1992ء کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ارکان اور بھارت سے آئے ہوئے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوئے۔

تقریبِ حلف برداری کے بعد عمران خان وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر عمران خان کا تعارف ایوانِ وزیرِ اعظم کے عملے سے کرایا گیا۔

عمران خان گزشتہ روز قومی اسمبلی میں 176 ووٹ حاصل کرکے قائدِ ایوان منتخب ہوئے تھے۔ ان کے مدِ مقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے تھے۔

قائدِ ایوان منتخب ہونے کے بعد حزبِ اختلاف کے شدید احتجاج اور نعرے بازی کے دوران ایوان سے اپنے خطاب میں عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا سخت احتساب کرے گی اور لوٹا ہوا پیسہ واپس لائے گی۔

XS
SM
MD
LG