رسائی کے لنکس

پاک بھارت کرکٹ تنازع کے لئے تین رکنی پینل مقرر


آئی سی سی پینل کے سربراہ مائیکل بیلوف۔ فائل فوٹو
آئی سی سی پینل کے سربراہ مائیکل بیلوف۔ فائل فوٹو

پاکستان کے ساتھ گزشتہ دو سیریز کھیلنے سے بھارت کے انکار کے سلسلے میں پاکستان کی شکایت پر آئی سی سی نے تین رکنی پینل مقرر کر دیا ہے جو یکم سے تین اکتوبر تک دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد اپنا حتمی فیصلہ دے گا۔

اس فیصلے کے خلاف کوئی اپیل نہیں کی جا سکے گی اور یہ دونوں فریقین کو لازمی طور پر قبول کرنا ہو گا۔

آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ مائیکل بیلوف کیو سی اس پینل کے چیئرمین ہوں گے جبکہ دیگر دو ارکان میں جان پولسن اور ڈاکٹر اینابیل بینٹ شامل ہیں۔ جان پولسن پینل میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ اینا بیل بینٹ بھارت کے نمائندے ہوں گے۔

پاکستان نے آئی سی سی کو شکایت کی تھی کہ پاکستان میں مذکورہ دونوں سیریز کھیلنے سے بھارت کے انکار کے باعث پاکستان کو سات کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور بھارت کے کرکٹ بورڈ کو ہرجانے کی یہ رقم پاکستان کو ادا کرنی ہو گی۔

یہ دونوں سیریز نومبر 2014 اور دسمبر 2015 میں پاکستان میں ہونی تھیں۔ دونوں سیریز آئی سی سی کے پروگرام میں شامل تھیں اور پاکستان کو ان کی میزبانی کرنا تھی۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے یہ کہتے ہوئے یہ دونوں سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا کہ اسے بھارتی حکومت کی جانب سے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی اجازت نہیں ملی۔

آئی سی سی کی زیر نگرانی دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے حکام نے یہ مسئلہ آپس میں طے کرنے کے لئے کئی ملاقاتیں کی ہیں جن کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کے اس پینل کے چیئرمین بیلوف آئی سی سی کے اُس پینل کے بھی سربراہ تھے جس نے 2011 میں سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کو سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے سلسلے میں سزائیں سنائی تھیں۔ اس پینل کی سماعت بند کمرے ہو گی۔

اس سماعت کے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق کوشش کی جائے گی کہ پینل کا فیصلہ متفقہ ہو۔ تاہم تینوں ارکان کے متفق نہ ہونے کی صورت میں اکثریتی فیصلے کو قبول کیا جائے گا اور دونوں فریقین کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق نہیں ہو گا۔

XS
SM
MD
LG