رسائی کے لنکس

برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ اسپتال میں داخل


ملکہ الزبتھ اور ان کے شوہر پرنس فلپ
ملکہ الزبتھ اور ان کے شوہر پرنس فلپ

ملکہ الزبتھ کے 98 سالہ شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کو جمعہ کے روز اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پرنس فلپ کو شاہی ڈاکٹر کے مشورے پر معمول کے معائنے کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں وہ چند روز تک قیام کریں گے۔

پرنس فلپ ملکہ الزبتھ کے برطانوی ملکہ بننے کے 67 برس کے دوران ان کے ساتھ مل کر اپنے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ تاہم وہ اگست 2017 میں سرکاری فرائض سے سبکدوش ہونے کے بعد سے عوامی سطح پر کم ہی دکھائی دیے ہیں۔

93 سالہ ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ حالیہ برسوں میں متعدد بار اسپتال داخل رہے ہیں۔ 2011 میں انہوں نے کرسمس کا تہوار بھی اسپتال میں گذارا تھا جب ان کے دل کی ایک شریان بند ہونے پر آپریشن کیا گیا۔ وہ 2012 میں بھی مسانے کی تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل رہے اور ملکہ الزبتھ کی تاج پوشی کی 60 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

اسی طرح وہ اگلے برس 2013 میں بھی ایک آپریشن کے باعث اسپتال میں داخل رہے۔ گذشتہ برس ان کا کولہے کی تبدیلی کا آپریشن ہوا تھا جس کے باعث انہیں دس روز تک ہسپتال میں رہنا پڑا۔

اس سال جنوری میں جب وہ گاڑی چلاتے ہوئے سانڈرنگھم محل کی جانب جا رہے تھے تو ایک گاڑی سے ٹکرانے کے بعد ان کی لینڈ روور گاڑی الٹ گئی تھی۔ تاہم اس حادثے میں وہ محفوظ رہے۔ لیکن دو روز کے بعد پولیس نے انہیں سیٹ بیلٹ پہنے بغیر گاڑی چلانے پر وارننگ جاری کی تھی جس کے بعد انہوں نے ڈرائیونگ کو مکمل طور پر ترک کرتے ہوئے اپنا لائسنس حکام کے حوالے کر دیا تھا۔

ملکہ الزبتھ کی پرنس فلپ سے شادی 1947 میں ہوئی تھی۔ اس شاہی جوڑے نے اپنی شادی کی 72 ویں سالگرہ اسی سال نومبر میں منائی تھی۔

XS
SM
MD
LG