لاطینی امریکہ کے ملک ہیٹی میں منگل کو آنے والے شدید سمندری طوفان کی وجہ سے ملک کا جنوبی علاقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
اس سمندری طوفان کو میتھیو کا نام دیا گیا ہے اور یہ طوفان اتنا شدید تھا کہ بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبے گر گئے اور جنوبی ہیٹی کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے والا پل بھی پانی میں بہہ گیا ہے۔
دارالحکومت پورٹ اے پرنس اور ملک کے تین صوبوں کے درمیان مواصلاتی رابطے ختم ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے حکام اور ہنگامی امداد کے کارکنوں کے لیے یہ معلوم کرنا ممکن نہیں رہا کہ طوفان کی وجہ سے کتنا جانی نقصان ہوا ہے۔
وائس آف امریکہ کے ایک مقامی رپورٹر جین ہرنسٹ السکار کا کہنا ہے کہ جنوبی شہر لیس کیز کے کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے اور ان کی چھتیں گر گئی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ منگل کو ہیٹی سے ٹکرانے والا متھیو نامی سمندری طوفان چوتھے درجے کا تھا اور یہ شدید طوفان بادوباراں کا سبب بنا جس دوران ہواؤں کی رفتار 230 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
ہیٹی کے لیے اقوام متحدہ کے استحکام کے مشن کے نائب خصوصی نمائندے مراد واہابہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ میتھیو 2010ء کے زلزلے کے بعد سب سے بڑے بحران کا سبب بنا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے ہیٹی میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔