بالی وڈ کی کلاسک فلم ’مدر انڈیا‘ کو فلمی شائقین آج بھی بہت شوق سے دیکھتے ہیں۔ نرگس اور سنیل دت کی لازوال اداکاری سے سجی اس فلم کا ری میک بہت جلد سینما گھروں کی زینت بنے گا۔
جس میں پاکستانی ایکٹریس اور ماڈل حمائمہ ملک کام کرہی ہیں اور ان کے پرستار انہیں نئے روپ میں دیکھ سکیں گے۔
حمائمہ ملک کا کہنا ہے ’’میں اپنی آنے والی فلم کے بارے میں زیادہ کچھ تو نہیں بتا سکتی ہاں یہ ضرور بتا سکتی ہوں کہ یہ ’مدر انڈیا‘ کا ری میک ہے۔ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ راجستھان میں ہوئی ہے۔ ہم نے 45 دن مسلسل جے پور میں شوٹنگ کی۔‘‘
حمائمہ نےمزید کہا ’’یہ پورے ایک دور کی کہانی ہے اور میرے لئے اس طرح کی فلم میں کام کرنے کا یہ پہلا موقع ہے۔ میرا رول بہت چیلنجنگ تھا۔‘‘
حمائمہ ملک کے مداح 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’راجا نٹورلال‘ کو حمائمہ کی پہلی بالی وڈ فلم سمجھتے ہیں۔ لیکن، حمائمہ ملک نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا کہ ان کی آنے والی فلم جس کا اس وقت نام ’شیر‘ رکھا گیا تھا بالی وڈ میں ان کی پہلی فلم تھی۔
’شیر‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سنجے دت کو اسلحہ کیس میں جیل جانا پڑا اس لئے فلم رک گئی۔ سنجے دت کی رہائی کے بعد پروجیکٹ پر دوبارہ کام شروع ہوا ہے۔
فلم میں کام کا تجربہ کیسا رہا اس بارے میں حمائمہ ملک نے انگریزی اخبار ’ڈان‘ کو انٹرویو میں بتایا کہ یہ اتنا زبردست تجربہ تھا جسے میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔ مجھے ونود کھنہ، پریش راول جیسے لیجنڈ اداکاروں کے ساتھ کام کا موقع ملا۔ سنجے دت کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا اور آن اسکرین سیما بسواس سے بہتر ماں تو کوئی اور ہو ہی نہیں سکتی تھیں۔
فلم میں حمائمہ ملک سنجے دت کی بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو ان کی موت کے بعد ان کا سارا کام سنبھالتی ہے۔ فلم کی ریلیز سے متعلق سوال پر حمائمہ کا کہنا تھا کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان میں پروڈیوسرز پر چھوڑتی ہوں۔ لیکن، اتنا بتا دوں کہ فلم بہت جلد ریلیز ہوگی۔