رسائی کے لنکس

100 روز میں 10 کروڑ امریکیوں کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل ہو سکتا ہے، ڈاکٹر فاؤچی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے متعدی امراض کے چوٹی کے ماہر نے کہا ہے کہ نو منتخب صدر جو بائیڈن کا ان کے دور اقتدار کے پہلے 100 دنوں کے اندر دس کروڑ لوگوں کو کووڈ نائنٹین سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانے کا ارادہ ایک قابل حصول ہدف ہے۔

ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے این بی سی نیوز چینل کو بتایا کہ یہ منصوبہ بتائے گئے وقت کےاندر بالکل قابل عمل دکھائی دیتا ہے۔

"نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشس ڈیزیزز" کے ڈائریکٹر فاؤچی نے "میٹ دی پریس" پروگرام میں کہا کہ ویکسین کی موجودہ تعداد، خوراکوں کی مزید دستیابی اور چہرے پر ماسک لگانے اور سماجی فاصلوں کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے امریکہ کرونا کے خلاف جنگ میں ایک بہتر حالت میں جا سکتا ہے۔

کووڈ نائنٹین کے دو کروڑ 40 لاکھ کیسز کے ساتھ امریکہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی پیشگوئیوں کے برعکس اب تک ہدف سے کم لوگوں کو ویکسین دی جا سکی ہے۔

دریں اثنا ریاست کیلی فورنیا کی لاس اینجیلیس کاؤنٹی امریکہ کہ پہلی ایسی کاؤنٹی بن گئی ہے جہاں کووڈ نائنٹین کے کیسوں کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہے۔

حالیہ دنوں میں برطانیہ اور ڈنمارک سے منسلک کرونا وائرس کی دو قسموں کے امریکہ میں آ جانے سے حالات مزید بگڑ گئے ہیں۔

جو بائیڈن اس بدھ کو امریکہ کے چھیالیسویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے اور انہوں نے وائرس سے نمٹنے کو اپنی اہم ترین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG