رسائی کے لنکس

امریکیوں کی اکثریت کے خیال میں ملک میں جمہوریت کو خطرہ ہے، سروے


فائل فٹو
فائل فٹو

تقریباً تین چوتھائی امریکی ووٹر یہ سمجھتے ہیں کہ کانگرس کی عمارت پر گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے کے بعد ملک میں جمہوریت کو خطرہ ہے۔

ایک تازہ ترین قومی سطح کے عوامی رائے کے جائزے کے مطابق ری پبلیکن اور ڈیموکریٹس دونوں ووٹر بالترتیب 77 اور 76 فیصد کے تناسب سے کہتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے۔

"کوینی پیاک" یونیورسٹی کے ایک جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ آزاد امیدواروں میں 70 فیصد یہ کہتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے۔

اس جائزے کے مطابق 56 فیصد ووٹر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کیپیٹل ہل کے ذمہ دار ٹھیراتے ہیں جب کہ 42 فیصد انہیں اس حملے کا ذمہ دار قرار نہیں دیتے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے چھ جنوری کو وائٹ ہاؤس کے قریب اپنے ہزاروں حمائتیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ان الزامات کا اعادہ کیا تھا کہ انہیں الیکشن میں دھاندلی کر کے دوسری بار صدر منتخب ہونے سے روکا گیا۔

کانگریس کی عمارت پر حملے کے بعد انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعہ ایک پیغام میں ہجوم سے کہا کہ وہ پر امن رہے اور ہماری پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت کریں۔

سروے کے مطابق 52 سے 45 فیصد کے تناسب سے ووٹروں کی اکثریت کہتی ہے کہ صدر ٹرمپ کی ان کی 20 جنوری کو ختم ہونے والی مدت صدارت سے پہلے ہی ان کو عہدے سے ہٹا دیا جائے۔

اگر جماعتی وابستگی کے حوالے سے دیکھا جائے تو 87 فیصد ری پبلیکن کہتے ہیں کہ ٹرمپ کو اپنے کے عہدے سے علیحدہ نہیں کرنا چاہیے جب کہ 89 فیصد ڈیموکریٹس کہتے ہیں کہ صدر کو ان کے عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے۔

جہاں تک آزاد ووٹروں کے خیالات کا تعلق ہے تو 55 فیصد صدر کو ہٹانے اور 43 فیصد اس کے خلاف ہیں۔

اس معاملے پر کہ انتخابات کے دوران وسیع پیمانے پر ووٹر فراڈ ہوا، امریکی ووٹر جماعتی وابستگیوں کے تحت سوچ رکھتے ہیں۔ 73 فیصد ری پبلیکن صدر ٹرمپ کی بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ ووٹر فراڈ ہوا، جب کہ 21 فیصد اس کے برعکس سوچتے ہیں۔

ڈیموکریٹس 93 فیصد کے تناسب سے اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کوئی ووٹر فراڈ نہیں ہوا، جب کہ صرف پانچ فیصد کہتے ہیں کہ ایسا ہوا۔

آزاد امیدوار 30 کے مقابلے میں 60 فیصد کے تناسب سے کہتے ہیں کہ انتخابات میں وسیع پیمانے پر ووٹر فراڈ نہیں ہوا۔

جہاں تک کانگریس کی عمارت پر حملے کے جمہوریت کی بساط الٹنے کے مترادف قرار دینے کا تعلق ہے تو 47 فی صد اس سے اتفاق کرتے ہیں، 43 فیصد اس کی نفی کرتے ہیں جب کہ 10 فیصد کوئی بھی رائے قائم نہیں کر پاتے۔

اس بات پر کہ کانگریس کی عمارت پر حملہ آور ہونے والے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، 91 فیصد ووٹروں میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

81 فیصد ووٹر اس بات پر متفق ہیں کہ امریکہ میں انتہا پسندی ایک بڑا مسئلہ ہے جب کہ 12 فی صد ایسا نہیں سمجھتے۔

XS
SM
MD
LG