رسائی کے لنکس

ایپل کا نیا ’آئی فون 16‘ پچھلے ماڈلز سے کتنا مختلف ہے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • آئی فون 16 کی لانچنگ کی تقریب پیر کو امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ہو گی۔
  • آئی فون 16 کی خاص بات یہ ہے کہ یہ آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے ٹاسک کسی ریموٹ ڈیٹا سینٹر تک رسائی کے بغیر فون میں ہی پرفارم کرے گا۔
  • آئی فون 16 ایپل کی اس سیریز کا پہلا ماڈل ہے جو خاص طور پر آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے لیے ہی تیار کیا گیا ہے۔

ویب ڈیسک -- آئی فون کا نیا ماڈل ’آئی فون 16‘ پیر کو ریلیز ہو گا۔ یہ آئی فون آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی خصوصیات کے ساتھ آ رہا ہے۔

آئی فون 16 میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس ٹیکنالوجی ’سِری‘ کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ایموجیز بنانے تک کا ہر کام کرے گی۔

آئی فون 16 کی لانچنگ کی تقریب پیر کو امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ہو گی۔

ایپل نے 2007 میں پہلے آئی فون کی لانچنگ کے بعد سے اب تک اربوں موبائل فونز فروخت کیے ہیں۔ لیکن گزشتہ ایک دہائی کے دوران ریلیز ہونے والے ماڈلز میں ہر سال پچھلے ماڈل کے مقابلے میں معمولی تبدیلیاں کی جاتی رہی ہیں۔ اسی لیے بہت سے لوگ نئے آئی فونز خریدنے کو ترجیح نہیں دے رہے جس کے باعث ایپل کی سیلز میں کمی آئی ہے۔

لیکن آئی فون 16 ایپل کی اس سیریز کا پہلا ماڈل ہے جو خاص طور پر آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے لیے ہی تیار کیا گیا ہے۔ 'ایپل' نے اپنا آرٹیفیشل انٹیلی جینس ’ایپل انٹیلی جینس‘ کے نام سے تین ماہ قبل کیلی فورنیا میں سالانہ ورلڈ وائڈ ڈویلپرز کانفرنس میں متعارف کرایا تھا۔

جون میں ہونے والی اس کانفرنس کے بعد ایپل کی حریف کمپنیوں سام سنگ اور گوگل نے بھی اے آئی کے میدان میں تیزی سے پیش رفت کی ہے۔ گوگل نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے ’پکسل‘ سیریز کے فون اپنے ’میجک اے آئی‘ ٹول کے ساتھ ایپل سے پہلے ہی ریلیز کر دیے ہیں۔ اس سے قبل گوگل یہ فون اکتوبر کے مہینے میں ریلیز کرتا رہا ہے۔

آئی فون 16 کی خاص بات یہ ہے کہ یہ آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے ٹاسک کسی ریموٹ ڈیٹا سینٹر تک رسائی کے بغیر فون میں ہی پرفارم کرے گا۔ اس خصوصیت کے لیے ایک اسپیشل پروسیسر درکار ہوتا ہے جو آئی فون 15 اور اس کے بعد آنے والے ماڈلز میں لگایا گیا ہے۔

اسی خصوصیت کی وجہ سے ماہرین یہ توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ آئی فون 16 کی طلب بہت زیادہ ہوگی اور اس سے ایپل کی سیلز میں بھی اضافہ ہو گا۔

اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیںَ

فورم

XS
SM
MD
LG