رسائی کے لنکس

گھوڑے اورسور کے گوشت کا 'بیف' برگر


آئر لینڈ میں گھوڑے کا گوشت کھانے کا رواج موجود نہیں ہے جبکہ سور کا گوشت کھانا کئی مذہبی گروہوں کے لیے ممنوع ہے

برطانیہ کی سپر مارکیٹوں میں فروخت کئے جانے والے فروزن بیف برگر میں گھوڑے اور سور کا گوشت کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

اس حقیقت سے پردہ برطانیہ کے ادارہ تحفظ خوراکنے اٹھایا ہے۔

آئرلینڈ میں تحفظ خوراک کے ادارے 'ایف ایس اے آئی' نے بیف برگر کی جانچ کے نمونوں میں گھوڑے اور سور کےگوشت کے ڈی این اے پائے جانے کی تصدیق کی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ عمل کسی طرح بھی درست نہیں ہے تاہم صارفین کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ گھوڑے کا گوشت انسانی صحت کے لیے مضر نہیں ہوتا ہے۔
ادارے نے 'سپر اسٹورز' میں فروخت ہونے والے 27 مختلف اقسام کے برگروں کی جانچ کی جن میں سے 10 میں گھوڑے اور 17 میں سور کا گوشت شامل تھا۔
اس کے علاوہ گائے کے گوشت سے تیار شدہ 31 دیگر غذائی اشیا مثلاً بیف کری، بیف پائی وغیرہ کی جانچ کے دوران بھی 21 مصنوعات میں سور کا گوشت پایا گیا ہے۔
برطانیہ کے چار بڑی مارکیٹوں ٹیسکو ،آئس لینڈ، لڈل اور ایلڈی میں یہ تیار شدہ بیف برگر اور بیف میل کی کئی مصنوعات فروخت کی جارہی تھیں۔
ان مارکیٹوں کے ترجمان کے مطابق اس رپورٹ کے سامنے آتے ہی ان کے اسٹورز نے مذکورہ مصنوعات کی فروخت بند کر دی ہے اور ایسی مصنوعات کو اسٹورز سے ہٹایا جارہا ہے۔

صارفین کو پیشکس کی گئی ہے کہ وہ فروخت شدہ ایسی مصنوعات کو اسٹور کو واپس کر سکتے ہیں۔
ادارہ 'ایف ایس اے آئی' کے مطابق یہ بیف برگر آئرلینڈ کے دو پروسسنگ پلانٹ 'لیفے میٹس' اور 'سلور کرسٹ' کے علاوہ برطانیہ کے ایک پلانٹ 'ڈیلپاک ہملٹن' میں تیار کئے جاتے ہیں۔

ادارے کے سربراہ ایلن ریلی کے مطابق ایک ہی پلانٹ میں مختلف قسم کا گوشت تیار ہونے کی صورت میں سور کے ڈی این اے کا پایا جانا تو پھر بھی قابل قبول ہے مگر اسی پلانٹ میں گھوڑے کے گوشت کی موجودگی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

صارفین تیار شدہ خوراک کو اس کا لیبل پڑھ کر خریدتے ہیں اس لیے انھیں کوئی ایسی چیز فروخت کرنا قطعاً جائز نہیں جس کے بارے میں وہ جانتے نہ ہوں۔

انھوں نے کہا کہ آئر لینڈ میں گھوڑے کا گوشت کھانے کا رواج موجود نہیں ہے جبکہ سور کا گوشت کھانا کئی مذاہب کے ماننے والوں کے لیے ممنوع ہے۔ اس لیے یہ بات اور بھی ذیادہ نا قابل قبول ہے۔

ٹیسکو انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق محفوظ اور صحت مند اشیاء فروخت کرنا ان کے ادارے کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں اسٹور آئر لینڈ کے مذکورہ ادارے سے بات چیت کر رہا ہے اور جب تک وجوہات معلوم نہیں ہو جاتیں ان سپلائر سے کوئی بھی مصنوعات نہیں خریدی جائیں گی۔

دیگر اسٹوروں کی جانب سے بھی ایسی تمام مصنوعات کی فروخت بند کر دی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG