رسائی کے لنکس

ہانگ کانگ میں ڈبل ڈیکر الٹنے سے 19 افراد ہلاک، 60 زخمی


امدادی کارکن خائے حادثہ پر موجود ہیں ۔ 10 فروری 2018
امدادی کارکن خائے حادثہ پر موجود ہیں ۔ 10 فروری 2018

رپورٹس کے مطابق بس پھسل کر سڑک کے کنارے نصب بجلی کے کھمبے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور کھمبا بس کی اوپر کی منزل کے اندر گھس گیا۔

ہانگ کانگ میں ایک ڈبل ڈیکر بس الٹ جانے سے کم ازکم 19 افراد ہلاک اور 60 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

پولیس نے خطرناک انداز میں بس چلانے کے الزام میں ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

جائے حادثہ کی تصویروں میں امدادی کارکنوں کو دیکھا جاسکتا ہے جو بس کے اندر پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ حادثہ شمالی علاقے تائی پو میں ہوا۔

رپورٹس کے مطابق بس پھسل کر سڑک کے کنارے نصب بجلی کے کھمبے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور کھمبا بس کی اوپر کی منزل کے اندر گھس گیا۔

پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لینے کے بعد اس پر غیر ذمہ دارانہ طریقے سے ڈرائیونگ کرنے اور مسافروں کی ہلاکت کا سبب بننے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

اسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک اور کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔

میڈیکل سٹاف نے بتایا کہ 10 زخمیوں کی حالت نازک ہے جب کہ مزید افراد کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں۔

فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدے دار چان ہنگ یو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی اکثریت بس کی اوپر کی منزل پر سوار تھی۔

ہانگ کانگ کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر کا بسوں کانظام دنیا میں اپنی نوعیت کا بہترین نظام ہے اور اسے مزید ترقی یافتہ بنانے کا عمل جاری ہے۔ تاہم کبھی کبھار مہلک حادثے ہو جاتے ہیں۔

ہانگ کانگ میں ٹریفک کا بدترین حادثہ 2003 میں ہوا تھا جس میں ایک ڈبل ڈیکر بس ٹرک سے ٹکرانے کے بعد پل سے نیچے گر گئی تھی۔ اس حادثے میں 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی طرح 2008 میں ایک اور حادثے میں 18 افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

ہانگ کانگ میں سڑکوں کی طرح کشتیوں کے ذریعے سفر پر بھی سوال اٹھائے جاتے ہیں۔ سن 2012 میں ایک تیز رفتار فیری نے ایک کشتی کو ٹکر مار دی تھی جس سے 39 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG