رسائی کے لنکس

ہالی ووڈ اکیڈمی کا وائن سٹین کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ


ہاروی وائن سٹین (فائل فوٹو)
ہاروی وائن سٹین (فائل فوٹو)

اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنس جو کہ فلمی دنیا کے معتبر ترین ایوارڈ 'آسکر' کی بھی منتظم ہے، نے ہالی ووڈ پروڈیوسر ہاروی وائن سٹین کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

54 رکنی بورڈ آف گورنرز نے ہفتہ کو ہونے والے اجلاس میں وائن سٹین پر جنسی ہراسگی کے الزامات کا جائزہ لیا اور کثرت رائے سے اس شہرہ آفاق پروڈیوسر کی رکنیت "فوری طور پر" ختم کرنے کے حق میں فیصلہ دیا۔

ایک بیان میں بورڈ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ درکار دو تہائی اکثریت سے بھی زیادہ کثرت رائے سے کیا گیا اور اس کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ "ہماری انڈسٹری میں جنسی ہراس پر مبنی سلوک پر دانستہ طور پر انجان بنے رہنے اور شرمناک طریقے سے اس کا حصہ بننے کا دور اب ختم ہو گیا۔"

وائن سٹین ایسی فلمیں کی پیشکش کے لیے شہرت رکھتے ہیں کہ جو آسکر کے لیے نامزد ہو جاتی ہیں۔ ان کی بنائی گئی فلموں کو تین سو سے زائد مرتبہ آسکر کی نامزدگی حاصل ہوئی جب کہ 81 بار انھیں کامیابی بھی ہوئی۔

وائن سٹین پر حال ہی میں ایک درجن سے زائد خواتین اداکاراؤں کی طرف سے یہ الزامات عائد کیے گئے کہ اس پروڈیوسر نے انھیں جنسی طور پر ہراساں یا پھر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

یہ الزامات گزشتہ تین دہائیوں کے دوران مختلف اوقات میں پیش آنے والے واقعات سے متعلق ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہی برٹش فلم اکیڈمی نے بھی وائن سٹین کی رکنیت کو فوری طور پر معطل کرنے کر دیا تھا۔

وائن سٹین ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے باہمی رضامندی سے ہی کسی کے ساتھ جسمانی تعلق قائم کیا تھا۔

جن اداکاراؤں کی طرف سے یہ الزامات عائد کیے گئے ان میں انجیلنا جولی سمیت متعدد ہالی ووڈ اداکارائیں شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG