امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ایک ہیلی کاپٹر سمندرمیں ساحل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے شہر میامی میں محوِ پرواز ہیلی کاپٹر میں تین مسافر سوار تھے۔ حادثے میں اس میں سوار دو افراد زخمی ہوئے جب کہ تیسرا فرد محفوظ رہا۔
میامی کے ساحل پر تعینات پولیس کا کہنا ہے کہ اسے دوپہر ایک بج کر 10 منٹ پر ایک کال موصول ہوئی تھی۔
پولیس کا سوشل میڈیا پر بیان میں کہنا تھا کہ وہ میامی بیچ فائر اور دیگر ایجنسیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچی۔وفاقی ایوی ایشین ایڈمنسٹریشن کے اہلکار بھی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر سمندر میں گر رہا ہے جو ان لوگوں سے زیادہ دور نہیں جو کہ سمندر میں تیراکی کر رہے تھے یا کنارے پر موجود تھے۔
ایف اے اے کا بیان میں کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کے ساتھ مل کر حادثے کی تحقیقات کرے گا۔
امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹ (ایف اے اے) کی سابق ڈائریکٹر جنرل میری شیاوو کا امریکی نشریاتی ادارے ‘سی این این’ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر اپنے انجن کی طاقت کھو رہا تھا۔
میری کا مزید کہنا تھا کہ اس سے دو باتیں ثابت ہوتی ہیں۔ ایک یہ کہ پائلٹ تربیت یافتہ تھا اور دوسرا پائلٹ ہیلی کاپٹر پر قابو رکھنے میں کامیاب رہا کیوں کہ ان کے بقول دیکھا یہ گیا ہے کہ جب انجن فیل ہو جائے تو اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوتا کہ کنٹرول رکھتے ہوئے نیچے کی طرف جایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ ہیلی کاپٹر کے گرنے کے باوجود ساحل پر موجود لوگوں کو بچانے میں کامیاب رہا ۔