رسائی کے لنکس

الزائمر اور مرگی کے علاج میں اہم پیش رفت


سابق امریکی صدر رانلڈ ریگن بھی آلزہائیمر کی مرض میں مبتلا تھے
سابق امریکی صدر رانلڈ ریگن بھی آلزہائیمر کی مرض میں مبتلا تھے

سائنس دانوں نےدماغ میں موجود ایک ایسے کیمیائی مادے کی دریافت کا دعویٰ کیا ہے جوانسانی خیالات کی شدت ا ور رفتار کو کنٹرول کرتا ہے اور ان میں توازن قائم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔اس کیمیائی مادے کو ’والیم کنٹرول‘ کانام دیا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت الزائمر اور مرگی کے علاج میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

سائنس دانوں نے اپنی تحقیق میں اس اہم پروٹین کا پتا لگایا ہے جو ایسی صورت میں جب دماغ بہت تیزی سے کام کررہا ہوتا ہے، اس کی رفتار میں کمی لاتا ہے اور جب دماغ کی فعالیت سست پڑتی ہے تووہ اس میں اضافہ کرتا ہے۔

ماہرین کویقین ہے کہ اس دریافت کے بعد وہ کوئی ایسی دوا بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے، جس سے دماغ میں موجود اس مخصوص انزائم کو ، جس کا نام جی ایس کے تھری ہے، ہدف بناکر یاداشت کی خرابی، اور مرگی کی علامات پر قابو پانے میں مدد دے سکے گی۔

جریدے نیچر نیوروسائنس میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طبی شعبے کی اس انتہائی اہم دریافت کا سہرا یورنیورسٹی آف ایڈن برگ کے ڈاکٹر مائیک کوسن کے سر ہے۔

ڈاکٹر کوسن کی زیر قیادت سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے اپنی تحقیق کے دوران یہ جاننے کی کوشش کی کہ ایسے لمحات میں ، جب دماغ کی فعالیت اپنے عروج پر ہوتی ہے، اس کے خلیے ایک دوسرے سے کس طرح ربط کرتے ہیں اور کس طرح نئی چیزیں یاداشت کا حصہ بنتی ہیں یا یہ کہ مرگی کے دورے کی صورت میں، جب دماغی اعصاب میں بہت زیادہ برقی لہریں پیدا ہوتی ہیں،تو مذکورہ حصہ کن تبدیلیوں سے گذرتا ہے۔

انہیں معلوم ہوا کہ انزائم’ جی ایس کے تھری ‘دماغ کے خلیوں کے درمیان کیمیائی پیغامات کی ترسیل میں کمی لاکر دماغ کی فعالیت کو معمول پر لانے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اہم ترین معلومات حاصل ہونے کے بعد وہ کوئی ایسی دوا بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں جو ’جی ایس کے تھری‘ انزائم کے اثرات کو روک سکے۔جس سے الزائمر کے مریضوں کی یاداشت کو بہتر بنانے اور مرض کی شدت کم کرنے میں مدد ملے گی۔ماہرین کو توقع ہے کہ الزائمر کی طرح وہ مرگی کے دوروں کی شدت کم کرنے کی دوا بنانے میں بھی کامیابی حاصل کرلیں گے۔

ڈاکٹر مائیک کوسن کا کہنا ہے کہ ہمیں اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ انزائم جی ایس کے تھری دماغ کی انتہائی فعالیت کے لمحات میں اس کی کارکردگی کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔چنانچہ اس انزائم پر عمل کرنے والی دوا کی تیاری سے،دماغی عارضے میں مبتلالوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG