رسائی کے لنکس

سعودی عر ب اور خلیجی ممالک میں عید


سعودی عر ب اور خلیجی ممالک میں عید
سعودی عر ب اور خلیجی ممالک میں عید

سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں سمیت کئی دیگر ملکوں بشمول افغانستان میں منگل کو عید الضحیٰ منائی جارہی ہے جب کہ پاکستان کے علاوہ بعض اسلامی ملکوں میں یہ مذہبی تہوار بدھ کو منایا جائے گا۔

دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 20 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے حج کے تیسرے روز منیٰ میں شیطان کو کنکریاں ماریں ۔احرام میں ملبوس حجاج کرام گزشتہ شب مزدلفہ پہنچے تھے جہاں اُنھوں نے رمی کے لیے کنکریاں اکٹھا کیں اور رات کھلے آسمان تلے گزاری ۔

بقیہ مناسک میں حجاج شکرانہ حج کے طور پر جانور ذبح کریں گے اور اپنے سر کے بال منڈوا یا کٹوا کر احرام کھول دیں گے۔ اس کے بعد وہ سادہ کپڑوں میں ملبوس ہوکر حج کے ایک اور لازمی رکن طواف افاضہ کے لیے مکہ میں کعبہ کے گرد سات چکر لگائیں گے اور مقام ابراہیم پر نوافل اداکرنے کے بعد صفا و مروہ کی سعی کریں گے ۔ حجاج یہ رات منیٰ میں گزاریں گے۔

حجاج نے پیر کو حج کا رکن وقوف عرفات کے میدان میں ادا کیا تھاجہاں آخری پیغمبر حضرت محمد نے چودہ سو سال قبل اپنا آخری خطبہ دیا تھا۔

سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز الشیخ نے پیر کے روز اپنے خطبے میں تشدد، جنگ و جدل اور فرقہ واریت سے اجتناب کرتے ہوئے بنی نوع انسان سے ہمدردی کا درس دیا۔

امریکی صدر براک اوباما اور اُن کی اہلیہ مشیل نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو امریکی عوام کی طرف سے حج اور عید کے موقع پر نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔ اُنھوں نے حجاج کرام کو محفوظ سفر کی بھی دعا دی۔

حجاج عموماً پیدل، بسوں یا کاروں کے ذریعے سفر کیا کرتے ہیں لیکن اس سال سعودی حکومت نے مختلف مقامات کے درمیان سفر میں سہولت کے لیے ریل کا نظام متعارف کرایا ہے۔ یہ چینی ساختہ ریل سطح زمین سے اونچائی پر بنائی گئی پٹڑیوں پرسفر کرتی ہے۔

ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی حجاج کی حفاظت کو خاصی اہمیت دی گئی اور سعودی حکام نے اس سلسلے میں شہری دفاع کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد تعینات کر رکھی ہے۔

سرکاری عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی طرف سے کسی حملے کو خارج از امکان قرار نہیں دے سکتے لیکن القاعدہ کا موقف ہے کہ وہ ایسا کوئی اقدام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

اُدھر پاکستان میں عید الضحیٰ بدھ کو منائی جائے گی اور اس تہوار سے ایک روز قبل قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت میں انتہائی تیزی آگئی ہے۔

XS
SM
MD
LG