زلزے سے تباہ حال ہیٹی میں حکام نے اُن دس میں سے آٹھ امریکی شہریوں کو رہا کر نے کے بعد امریکہ واپس بھیج دیا ہے جنہیں بچے سمگل کرنے کے جرم میں گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔
امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور زیر حراست دو امریکی باشندوں سے تفتیش کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے اس لیے انھیں رہا نہیں کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق ایک خود مختار ریاست کے طور پر زیر حراست افراد کے خلاف مقامی قوانین کے تحت کارروائی کرنے کے ہیٹی کے حق کا امریکہ احترام کرتا ہے۔
ہیٹی میں 12 جنوری کو ریکٹر سکیل پر 7.0 شدت کے تباہ کن زلزے کے بعد دارالحکومت پورٹ او پرنس میں امدادی کارروائیوں کے دوران مقامی حکام نے اِن دس امریکی شہریوں کو اُس وقت گرفتار کر لیا تھا جب وہ مبینہ طور پر متاثرہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 33 بچوں کو سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم اس گروپ کا مئوقف ہے کہ وہ بچوں کوہمسایہ ملک ڈومینیکن ریپبلک میں یتیم خانے میں داخل کرانے کے لیے اپنے ساتھ لے کر جارہے تھے۔
ہیٹی میں آنے والے زلزلے میں دو لاکھ سے افراد ہلا ک اور دس لاکھ بے گھر ہو گئے تھے۔