ہیٹی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے مطابق جیل سے فرار ہونے والے 328 قیدیوں کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔
ملک کے دارالحکومت کے مضافات میں انتہائی سخت سکیورٹی والی جیل پر حملے کے بعد وہاں سے یہ قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
حکام کے مطابق یہ حملہ بظاہر ایک معروف اور مالدار خاندان سے تعلق رکھنے والے کلفورڈ برانڈ کو رہا کروانے کے لیے کیا گیا، کلفورڈ اغواء کے الزام پر 2012ء سے جیل میں قید تھا۔
جیل سے فرار ہونے والوں میں کلفورڈ برانڈ بھی شامل ہیں اور اب تک حکام کے مطابق صرف 10 کو دوبارہ پکڑا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق لگ بھگ 15 مسلح افراد گاڑیوں میں اتوار کو جیل پہنچے، جہاں اُنھوں نے فائرنگ کر کے دو محافظوں کو زخمی کر دیا۔
تمام وہ قیدی جو جیل سے فرار ہوئے، اطلاعات کے مطابق وہ یا تو منشیات کی اسمگلنگ یا اغواء برائے تاوان کے جرائم میں قید کاٹ رہے تھے۔
حکام کے مطابق ہیٹی کی حکومت نے کلفورڈ برانڈ کی دوبارہ گرفتاری میں مدد دینے والے کے لیے دو لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔
ہیٹی نے پڑوسی ممالک سے اس ضمن میں مدد کے علاوہ بین الاقوامی پولیس ’انٹر پول‘ کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا ہے۔
پورٹ او پرنس کے قریب جس جیل پر حملہ کیا گیا وہاں 899 قیدی موجود تھے۔