رسائی کے لنکس

امریکہ: 'نیوکلیئر فورس' میں اصلاحات کا فیصلہ


فائل
فائل

چک ہیگل کا کہنا تھا کہ امریکہ کی 'نیوکلیئر فورس' عرصہ دراز سے وسائل اور توجہ سے محروم چلی آرہی ہے جسے اب دور کرنا ہوگا۔

امریکی وزیرِ دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ امریکہ کے جوہری ہتھیاروں کی حفاظت پر مامور فورس کے اہلکار کئی طرح کے مسائل کا شکار ہیں جس کے باعث ان ہتھیاروں کی سلامتی، تحفظ اور اثر انداز ہونے کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔

جمعے کو 'پینٹاگون' میں امریکہ کے جوہری ہتھیاروں کی نگرانی پر مامور فورس کے جائزے کا اعلان کرتے ہوئے چک ہیگل کا کہنا تھا کہ امریکہ کی 'نیوکلیئر فورس' عرصہ دراز سے وسائل اور توجہ سے محروم چلی آرہی ہے جسے اب دور کرنا ہوگا۔

امریکی وزیرِ دفاع نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے جوہری ہتھیاروں کے انتظام و انصرام میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا حکم دیا ہے تاکہ 'نیوکلیئر فورس' میں قیادت کے بحران، سکیورٹی کی خامیوں اور سپاہیوں کے گرتے ہوئے مورال کا سدِ باب کیا جاسکے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ فورس کو تمام تر وسائل اور حمایت فراہم کرکے اس کا اعتماد بحال کریں گے کیوں کہ، ان کے بقول، ایسا کوئی کام نہیں جو حکومت نہ کرسکے۔

امریکی وزیرِ دفاع نے صحافیوں کو بتایا کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران 'پینٹاگون' امریکہ کے جوہری اثاثوں کی حفاظت اور استعمال پر مامور فورس پر اربوں ڈالر خرچ کرے گا جو اس کے معمول کے بجٹ کے علاوہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ امریکی وزیرِ دفاع نے 'نیوکلیئر فورس' کے جائزے اور اس میں اصلاحات کے نفاذ کا حکم فورس کے اہلکاروں کے ساتھ پیش آنے والے کئی ناخوشگوار واقعات کے بعد دیا ہے جس نے امریکی حکومت کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔

ایسے ہی ایک واقعے میں 'نیوکلیئر فورس' کے افسران بین البراعظمی میزائل چلانے والوں کے تقرر کے لیے ہونے والے ٹیسٹ میں نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے جس پر امریکہ میں خاصی لے دے ہوئی تھی۔

باور کیا جاتا ہے کہ امریکہ کے پاس دنیا میں نیوکلیئر ہتھیاروں کا سب سے بڑا ذخیرہ موجود ہے جن کی حفاظت اور انتظام ایک علیحدہ فورس انجام دیتی ہے۔

XS
SM
MD
LG