رسائی کے لنکس

امریکی فوجی اہلکاروں کو قتل کی 'آن لائن' دھمکی


پینٹا گان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے اور وہ ہمیشہ مسلح افواج میں اپنے مرد و خواتین کو اپنی حفاظت کے پیش نظر اقدامات کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے۔

شدت پسند تنظیم داعش سے بظاہر منسلک ایک گروپ نے انٹرنیٹ پر 100 امریکی فوجیوں کی معلومات جاری کرتے ہوئے اپنے حامیوں سے انھیں قتل کرنے کا کہا ہے۔

خود کو داعش کا ہیکنگ ڈویژن کہنے والے گروپ نے فوجی اہلکاروں کے نام، تصاویر اور پتے جاری کرتے ہوئے امریکہ میں اپنے حامیوں سے انھیں قتل کرنے کا کہا۔

اپنے پیغام میں اس گروپ نے لکھا ہے کہ"آپ کو پتے بتا کر اس نے یہ کام آسان بنا دیا ہے۔ آپ کو صرف حتمی اقدام کرنا ہے۔ آپ کس بات کے منتظر ہیں۔"

پینٹا گان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے اور وہ ہمیشہ مسلح افواج میں اپنے مرد و خواتین کو اپنی حفاظت کے پیش نظر اقدامات کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے۔

ایک امریکی عہدیدار نے اخبار "دی نیویارک ٹائمز" کو بتایا ایسا ظاہر نہیں ہوتا کہ عسکریت پسندوں نے امریکی حکومت کی کسی ویب سائٹ سے یہ معلومات چرائی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر معلومات پہلے ہی آن لائن دستیاب ہیں۔

داعش نے گزشتہ سال شام اور عراق کے مختلف حصوں پر قبضہ کر کے وہاں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے اور امریکہ نے اسے عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس کے خلاف کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

یہ شدت پسند یرغمال بنائے گئے متعدد غیر ملکیوں کو بھی قتل کرچکا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں اس کے خلاف خاصا غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG