رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں گروپ 'ٹو' سے کون سی دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی? اس کا فیصلہ تمام ٹیموں کے چار چار میچزکے بعد بھی نہ ہوسکا۔

جمعرات کو سڈنی میں کھیلے گئےمیچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لیوس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے کر اب بھی خود کو سیمی فائنل کی دوڑ میں اِن رکھا ہوا ہے۔

پاکستان کی جیت کے بعد گروپ 'ٹو' میں چار میں سے تین میچوں میں کامیابی حاصل کرنے والی بھارتی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر ہے۔

جنوبی افریقہ کو شکست تو ایک ہی میچ میں ہوئی ہے لیکن اس کا ایک میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تھا اور یوں اس کے چار میچوں کے بعد پانچ پوائنٹس ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پاکستان کو حاصل ہے کیوں کہ ان کا رن ریٹ بنگلہ دیش سے بہتر ہے۔ اگر اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی تو اس کے چھ پوائنٹس ہوجائیں گے ۔

سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ اتوار کو یا تو جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کا میچ بارش کی نذر ہو یا نیدرلینڈز کی ٹیم کامیابی حاصل کرے۔ کیوں کہ اگر جنوبی افریقہ نے یہ میچ جیت لیا تو اس کے سات پوائنٹس ہوجائیں گے اور وہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

اسی طرح اتوار کو بھارت اور زمبابوے کے درمیان میچ فیصلہ کرے گا کہ گروپ 'ٹو' سے کون سی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

اگر زمبابوے نے بھارت کو شکست دے دی تو اس کے پانچ پوائنٹس ہوجائیں گے، جو اسے سیمی فائنل میں تو نہیں لے جاسکیں گے۔ البتہ بھارت کی ٹیم چھ پوائنٹس ہونے کی وجہ سے پاکستان کے برابر آجائے گی۔

بھارت اور زمبابوے کے میچ میں کامیابی یا بارش کی وجہ سے اس کاملتوی ہونا ہی بھارت کو یقینی طور پر سیمی فائنل میں پہنچائے گا۔

اگر بنگلہ دیش کی ٹیم نے اپنے آخری میچ میں پاکستان کو شکست دے دی تو اس کے پوائںٹس کی تعداد بھی چھ ہو جائے گی لیکن خراب رن ریٹ ان کی کوالی فکیشن کی راہ میں حائل ہوجائے گا۔

گروپ 'ٹو' کی باقی ٹیمیں نیدرلینڈز اور زمبابوے پہلے ہی اگلے مرحلے میں رسائی کی ریس سے باہر ہوچکی ہیں۔

اتوار کو گروپ 'ٹو 'کے تین میچز کھیلے جائیں گے جس میں پہلے میچ میں جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دوسرا میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ آخری میچ میں بھارتی ٹیم زمبابوے کے مدِمقابل ہوگی۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG