رسائی کے لنکس

حکومت پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات پر رضامند


عمران خان نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ ان کی جماعت کی ایک اور رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا آغاز وہیں سے دوبارہ شروع ہونا چاہئے جہاں سے معطل ہوا تھا

کراچی۔۔ وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ تاہم، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاجی مظاہرے بند کردے۔

اس بات کا اعلان بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

عمران خان نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے، جبکہ ان کی جماعت کی ایک اور رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا آغاز وہیں سے دوبارہ شروع ہونا چاہئے جہاں سے معطل ہوا تھا۔

اخباری کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ اعلان انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر کیا ہے۔ لہذا، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان بھی اپنی مذاکراتی ٹیم کا اعلان کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے مذاکراتی ٹیم میں ن لیگ کے رہنما احسن اقبال بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

اسحاق ڈار نے ایک مرتبہ پھر اس بات کو دوہرایا کہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی تھا۔ کسی بھی منتخب وزیراعظم کو اس طرح کی خواہش پر اقتدار سے نہیں ہٹایا جاسکتا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہم تسلیم کریں گے، خواہ اس سے دھاندلی ہی ثابت کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کل ہی سے مذاکرات شروع کئے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ پی ٹی آئی فوری طور احتجاجی مظاہرے بند کردے۔

اس مطالبے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے جوڈشیل کمیشن بناتے ہی وہ کراچی میں ہونے والی احتجاج کی کال واپس لے لیں گے۔

XS
SM
MD
LG