رسائی کے لنکس

گوگل کی خود کار گاڑی کا بس سے تصادم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گوگل کی کسی خود کار گاڑی کا کسی دوسری گاڑی کے ساتھ ٹکرانے کا یہ شاید پہلا واقعہ ہے جو مبینہ طور پر خود کار گاڑی میں کسی نقص کے باعث پیش آیا۔

گزشتہ ماہ گوگل کمپنی کی ایک خود کار گاڑی کا ایک بس کے ساتھ تصادم ہوا تھا اور یہ حادثہ کیلیفورنیا میں واقع گوگل کے صدر دفتر کے قریب پیش آیا۔

گوگل کی کسی خود کار گاڑی کا کسی دوسری گاڑی کے ساتھ ٹکرانے کا یہ شاید پہلا واقعہ ہے جو مبینہ طور پر خود کار گاڑی میں نقص کے باعث پیش آیا۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق گوگل کی طرف سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حادثہ کی "کچھ ذمہ داری" کمپنی پر بھی عائد ہوتی ہے۔

گوگل نے 23 فروری کو کیلیفورنیا کے گاڑیوں کے ایک نگران ادارے کو بتایا تھا کہ یہ حادثہ 14 فروری کو ماؤنٹ ویو کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب اس کی ایک خود کار گاڑی نے ایک کھلی سڑک پر رکھی ریت سے بھری بوریوں سے بچنے کی کوشش کی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت اس کی خود کار گاڑی کی رفتار دو میل فی گھنٹہ سے بھی کم تھی جبکہ بس 15 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے رواں تھی۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں قائم انٹرنیٹ کی دنیا کی بڑی کمپنی گوگل نے کہا کہ اس نے اس حادثے کے بعد گاڑی کے سافٹ وئیر پروگرام میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے کسی واقعہ سے بچا جا سکے۔

پیر کو سانتا کلارا ویلی میں ٹرانسپورٹ کے نگران ادارے کی ترجمان سٹیسی ہینڈلر راس کا کہنا تھا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں گی کہ یہ حادثہ کن حالات میں پیش آیا اور کون اس کا ذمہ دار ہے۔

XS
SM
MD
LG