گوگل کے ایک ہزار سے زیادہ کارکنوں نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں کمپنی کے ایک خفیہ منصوبے کے تحت چین کی سینسر شپ پالیسی سے مطابقت رکھنے والے سرچ انجن کی تیاری کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کارکنوں کو اس بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں جب کہ انہیں کام کے متعلق فیصلوں سے اخلاقی طور پر آگاہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ شکایت بھی کی کہ زیادہ تر کارکنوں کو میڈیا کے ذریعے ہی پراجیکٹس اور ان کے کوڈکے بارے پتا چلتاہے۔
یہ خط سب سے پہلے جمعرات کو نیویارک ٹائمز میں شائع ہوا۔ بعد ازاں ایک کارکن نے ایسوسی ایٹ پریس کو اس کی تصدیق کی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گوگل کے سی ای اور سندر پیچائی نے کارکنوں کو بتایا کہ ان کی کمپنی شفافیت کے لیے پر عزم ہے اور چین میں گوگل کو دوبارہ لانچ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔