رسائی کے لنکس

ہانگ کانگ کے رازداری قانون میں ترمیم، فیس بک، گوگل اور ٹوئٹر کی سروسز بند کرنے کی دھمکی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک ایشین انڈسٹری گروپ ایشیا انٹرنیٹ کولیشن نے، جس میں گوگل (Google.O)، فیس بک (FB.O) اور ٹوئٹر (TWTR.N) شامل ہیں، خبردار کیا ہے کہ اگر ہانگ کانگ اپنے پرائیویسی قوانین کو تبدیل کرنے کے منصوبوں پر عمل کرتا ہے تو ٹیک کمپنیاں وہاں اپنی سروسز ختم کر سکتی ہیں۔

یہ انتباہ ایشیا انٹرنیٹ اتحاد کی طرف سے بھیجے گئے ایک خط میں کیا گیا ہے، جس کی ان تینوں کمپنیوں سمیت ایپل، لنکڈان اور دیگر کمپنیاں بھی رکن ہیں۔

25 جون کو ہرائیویسی کمشنر اڈا چنگ لِنگ کو لکھے گئے اس خط میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ ہانگ کانگ میں رازداری کے قوانین میں مجوزہ ترامیم کے ذریعے لوگوں کو "سخت پابندیوں" کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم، یہ واضح نہں کیا گیا کہ پابندیوں کی نوعیت کیا ہو گی۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی پابندیاں متعارف کروانا عالمی معیار اور رجحانات سے ہم آہنگ نہیں ہے۔

"ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لئے ان پابندیوں سے بچنے کا واحد راستہ یہ ہو گا کہ وہ ہانگ کانگ میں اپنی سروسز اور سرمایہ کاری روک دیں جس سے کاروباری ادارے اور لوگ ان کی خدمات سے محروم ہو جائیں گے۔"

پولیس جمہوریت کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں کو منتشر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 30 جون 2021
پولیس جمہوریت کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں کو منتشر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 30 جون 2021

ہانگ کانگ میں 2019 میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران، ڈوکسیکنگ، یعنی کسی فرد یا تنظیم کے بارے میں نجی معلومات عام ہونے کے قانون پر غور کیا گیا تھا، جب پولیس کے کچھ ارکان اپنی معلومات آن لائن جاری ہونے کے بعد ہدف بن گئے تھے۔

حکومت مخالف مظاہرین نے پولیس کے کچھ عہدے داروں کے گھر کے پتے اور بچوں کے اسکولوں کی تفصیلات بھی ظاہر کر دی تھیں، جس کی وجہ سے کچھ افراد اور ان کے اہل خانہ کو آن لائن دھمکیاں موصول ہوئیں تھیں۔

فیس بک نے رائٹرز کی درخواست پر فوری طور پر جواب نہیں دیا جس میں اس بارے میں ردعمل کا پوچھا گیا تھا، جب کہ گوگل نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

ہانگ کانگ کی سربراہ کیری لام نے منگل کے روز ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ہانگ کانگ کے رازداری کے قانون میں مجوزہ تبدیلیاں صرف غیر قانونی "ڈوکسیکنگ" کو ہدف بنائیں گی، یعنی ترمیم شدہ قانون ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرے گا جو رضامندی حاصل کیے بغیر ذاتی ڈیٹا افشا کریں گے۔

اس خبر کی معلومات رائٹرز سے حاصل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG