رسائی کے لنکس

'دی سوشل نیٹ ورک' بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ لے اڑی


'دی سوشل نیٹ ورک' بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ لے اڑی
'دی سوشل نیٹ ورک' بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ لے اڑی

معروف سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ "فیس بک" کی مقبولیت پہ بننے والی ہالی ووڈ کی فلم "دی سوشل نیٹ ورک" کو کئی اہم کیٹیگریز میں گولڈن گلوب ایوارڈز کا حق دار قرار دیا گیا ہے۔

اتوار کی شب کیلی فورنیا میں منعقد ہونے والی گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب کے ساتھ ہی فلم ایوارڈز کے اس ایک ماہ طویل سیزن کا آغاز ہوگیا ہے جو فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز "آسکر ز" کے انعقاد تک جاری رہے گا۔

'دی سوشل نیٹ ورک' بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ لے اڑی
'دی سوشل نیٹ ورک' بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ لے اڑی

"دی سوشل نیٹ ورک" کو ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کی جانب سے دئیے جانے والے گولڈن گلوب ایوارڈز میں بہترین فلم، بہترین ہدایت کار، حقیقی اسکرپٹ اور حقیقی موسیقی کے شعبوں میں ایوارڈز کا حقدار قرار دیا گیا۔

"دی سوشل نیٹ ورک" کی کہانی "فیس بک" کے بانی مارک زوکر برگ اور ان کے زمانہ طالبِ علمی میں کیے گئے اس تجربے کے گرد گھومتی ہے جس نے بعد ازاں اربوں ڈالرز مالیت کے ایک بڑے آن لائن پلیٹ فارم یعنی "فیس بک" کی شکل اختیار کی۔ فلم میں زوکر برگ کا کردار جیسی آئزن برگ نے ادا کیا ہے۔

تقریب میں نتالیہ پورٹ مین کو فلم "بلیک سوان" میں نفسیاتی عوارض کا شکار ہوکر پاگل ہوجانے والی ایک بیلے ڈانسر کا کردار ادا کرنے پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

فلم "کنگز اسپیچ" میں برطانوی بادشاہ جارج ششم کا کردار ادا کرنے والے کولن فرتھ کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کولن فرتھ کو گزشتہ سال بھی فلم "اے سنگل مین" میں ان کی اداکاری کے اعتراف میں گولڈن گلوب اور آسکر ایوارڈز کی "بہترین اداکار" کی کیٹگریز میں نامزد کیا گیا تھا لیکن وہ دونوں ایوارڈز حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔

تاہم رواں سال بہترین اداکار کے گولڈن گلوب کا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کولن فرتھ نے ایوارڈ کیلئے ان کے انتخاب پر ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔

"میوزیکل اینڈ کامیڈی " کیٹیگری میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم "دی کڈز آر آل رائٹ" میں ماں کا کردار ادا کرنے والی انیتے بیننگ کو دیا گیا۔ اسی کیٹگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ مورڈیکی رچلر کے ناول پر بننے والی فلم "بارنیز ورڑن" کے اداکار پال گیاماٹی کو دیا گیا۔ انہوں نے جونی ڈیپ جیسے نامور اداکار کو شکست دی جنہیں اسی کیٹیگری میں ان کی دو فلموں "دی ٹورسٹ" اور ا"ایلس ان ونڈر لینڈ" میں کی جانے والی اداکاری کے اعتراف میں نامزد کیا گیا تھا۔

"بہترین معاون اداکار" کا ایوارڈ فلم "دی فائٹر" کے کرسچین بیل کو دیا گیا جبکہ اسی فلم میں کرسچین بیل کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی میلیسا لیو "بہترین معاون اداکارہ" کے ایوارڈ کی حق دار قرار پائیں۔

"بورڈ واک ایمپائر" کو سال کا سب سے بہترین ٹی وی ڈراما قرار دیا گیا جبکہ " کامیڈی اینڈ میوزیکل" کیٹیگری میں بہترین ڈراما کا ایوارڈ ہائی اسکول سیریز "گلی" کے حصے میں آیا۔ ٹیلی ویڑن موویز کی کیٹیگری میں بہترین اداکار ال پچینو اور بہترین اداکارہ کلیئر ڈینس قرار پائے۔

تقریب میں رابرٹ ڈی نیرو کو ان کے طویل فلمی کیریئر کے اعتراف میں "لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ" سے نوازا گیا۔

ہالی ووڈ ایوارڈ سیزن کا اختتام آئندہ ماہ فروری کی 27 تاریخ کو منعقد ہونے والے آسکرز پہ ہوگا۔

XS
SM
MD
LG