رسائی کے لنکس

ہلری کلنٹن کا وزیراعظم گیلانی سے ٹیلی فون پر رابطہ


امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن جلد پاکستان کا دورہ کریں گی
امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن جلد پاکستان کا دورہ کریں گی

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے پیر کو وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے دوطرفہ تعلقات بالخصوص دو مئی کو ایبٹ آباد میں القاعدہ کے رہنماء اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی فورسز کے آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی۔

سرکاری بیان کے مطابق ہلری کلنٹن نے عین اُس وقت ٹیلی فون کیا جب ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم گیلانی اور فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی امریکی سینیٹر جان کیری سے ملاقات جاری تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 20منٹ کی گفتگو میں وزیراعظم گیلانی نے اپنی حکومت کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے تجویز کیا کہ اس لعنت سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور طریقہ کار وضع کرنا چاہیئے تاکہ پاکستانی عوام کو بتایا جاسکے کہ پاکستان اور امریکہ مشترکہ دشمن کے خلاف نبرد آزما ہیں ۔

وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ ایبٹ آبادمیں امریکی فورسز کی خفیہ کارروائی دونوں ملکوں کے درمیان عدم اعتماد میں اضافے کا سبب بنی ۔ ُنھوں نے واضح کیا کہ عوامی سطح پر اعتماد کی بحالی اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے اعتمادسازی کی ضرورت ہے ۔

بیان کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے وزیراعظم گیلانی کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی مارک گراسمین اور انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان کا دورہ کر یں گے ۔

سینیٹر جان کیری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن جلد پاکستان کا دورہ کریں گی، لیکن اس سے قبل دو اعلیٰ امریکی عہدیدار اسلام آبا د آکر اُن معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے جن پر سینیٹر کیری اور پاکستان کی سول و فوجی قیادت نے اتفاق کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG