رسائی کے لنکس

کچرا لائیں، کھانا کھائیں


بھارت میں ایک انوکھا ریستوران کھولا گیا ہے جس کا نام گاربیج کیفے، یا آسان الفاظ میں کچرا ہوٹل ہے۔

نام سے دھوکا نہ کھائیں کیونکہ یہاں سڑا بسا نہیں، گرماگرم کھانا ملتا ہے۔ فرق یہ ہے کہ بل روپوں کے بجائے پلاسٹک کے کچرے کی صورت میں وصول کیا جاتا ہے۔

یہ کیفے ریاست چھتیس گڑھ کے شہر امبیکاپور میں کھلا ہے جو بھارت کا دوسرا سب سے زیادہ صاف ستھرا شہر قرار دیا جاتا ہے۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر اندور آتا ہے۔

گاربیج کیفے کا افتتاح چھتیس گڑھ کے وزیر صحت ٹی ایس سنگھ نے کیا اور شہر کو پلاسٹک کے کچرے سے پاک کرنے کے خیال کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم پلاسٹک کے کچرے سے جان چھڑانے کی کوشش کررہی ہے لیکن اے ایم سی نے سب سے منفرد کام کیا ہے۔

اے ایم سی امبیکاپور میونسپل کارپوریشن کا مخفف ہے جس نے یہ کیفے کھولا ہے۔ یہاں جمع کرائے جانے والے کچرے کو وہی ٹھکانے لگاتی ہے۔

کیفے کا کھانا معیار میں کم نہیں اس لیے لوگ اپنے گھر میں موجود پلاسٹک کا سارا کچرا اٹھاکر کھانا کھانے پہنچ رہے ہیں۔ کیفے کا تشہیری نعرہ ہے: مور دا ویسٹ، بیٹر دا ٹیسٹ۔ یعنی کچرا مزید، کھانا لذیذ!

XS
SM
MD
LG