رسائی کے لنکس

ٹی وی سیریز 'گیم آف تھرونز' تھیٹر کی دنیا میں بھی قدم رکھنے کو تیار


'گیم آف تھرونز' کے تھیٹریکل ورژن پر کام کرونا وائرس کی عالمی وبا سے قبل شروع کیا گیا تھا۔
'گیم آف تھرونز' کے تھیٹریکل ورژن پر کام کرونا وائرس کی عالمی وبا سے قبل شروع کیا گیا تھا۔

افسانوی ٹیلی ویژن سیریز 'گیم آف تھرونز' آٹھ کامیاب سیزنز کے بعد اب تھیٹر کی دنیا میں بھی قدم رکھنے کو تیار ہے۔

'گیم آف تھرونز' کی پروڈکشن ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس کامیاب سیریز کو اب اسٹیج کی دنیا میں لے جا رہے ہیں اور 2023 میں اسے تھیٹر پر پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

'گیم آف تھرونز' کا تھیٹر ورژن برطانوی ڈرامہ نگار ڈنکن میک ملن اور ہدایت کار ڈومینک کوک کی نگرانی میں تیار کیا جا رہا ہے جنہیں جارج آر آر مارٹن کی معاونت بھی حاصل ہے۔

واضح رہے کہ 'گیم آف تھرونز' جارج آر آر مارٹن کی ناول سیریز 'دی سونگ آف فائر اینڈ آئس' سے ماخوذ ہے اور اس کی ڈرامائی تشکیل بھی مارٹن کی نگرانی میں کی گئی تھی۔

تھیٹر کی کہانی 'ہیرن ہال ٹورنامنٹ' کے نام سے ہونے والے مقابلے کے گرد گھومتی ہے جو 'ایچ بی او' پر نشر کیے جانے والے 'گیم آف تھرونز' کے پہلے سیزن کے واقعات سے 17 سال قبل منعقد ہوا تھا۔

ڈرامے کی پروڈکشن ٹیم کا کہنا ہے کہ اس تھیٹریکل ورژن میں ایسے کئی معروف اور مرکزی کردار جلوہ گر ہوں گے جو اس سے قبل ناولز اور ٹی وی سیریز کا بھی حصہ رہے ہیں۔

منگل کو ڈرامے کی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے جاری ایک بیان میں جارج آر آر مارٹن نے کہا ہے کہ 'گیم آف تھرونز' کے تھیٹریکل ورژن پر کام کرونا وائرس کی عالمی وبا سے قبل شروع کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا خواب ویسٹروس کی دنیا کو دنیا بھر کے تھیٹر مراکز تک لے جانا ہے۔

'گیم آف تھرونز' کی کہانی ویسٹروس نامی ایک افسانوی سرزمین کے گرد گھومتی ہے جس کی حکمرانی کے لیے کئی بااثر خاندان ایک دوسرے سے برسرِ پیکار ہیں۔

ایچ بی او سے نشر کی جانے والی یہ ڈراما سیریز کُل آٹھ سیزنز پر مبنی تھی جسے ڈیوڈ بینی آف اور ڈی بی وائس نے پروڈیوس کیا تھا۔ سیریز 2011 سے 2019 تک جاری رہی تھی اور اس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ دیے تھے۔

ڈرامے کی تھیٹریکل ورژن کی پروڈکشن میں سائمن پینٹر، ٹِم لاسن اور جوناتھن سین فورڈ جیسے معروف پروڈیوسرز شامل ہیں جنہوں نے 2014 میں نیویارک کے براڈوے تھیٹر میں ایوارڈ وننگ پلے 'دی الیوژنسٹ' پیش کیا تھا۔

تھیٹر پروڈکشن کے علاوہ اس وقت 'گیم آف تھرونز' سے متعلق کئی اور پروجیکٹس پر بھی کام جاری ہے جن میں ڈرامے کا پریکوئل 'ہاؤس آف ڈریگن' بھی شامل ہے جسے 2022 میں 'ایچ بی او' پر نشر کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں 'گیمز آف تھرونز' کے مصنف جارج آر آر مارٹن اپنے دیگر ناولز پر بننے والے ڈراموں اور فلموں کی پروڈکشن میں بھی مصروف ہیں جن میں نیٹ فلکس کے تحت بننے والی فلم 'سینڈ کنگز' بھی شامل ہے۔

'گیم آف تھرونز' کے مداح ناراض کیوں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:54 0:00

دوسری جانب مداحوں کو یہ خدشہ ہے کہ 72 سالہ مصنف جارج آر آر مارٹن کی اتنی زیادہ مصروفیت کی وجہ سے ان کی توجہ ناول سیریز 'آ سونگ آف آئس اینڈ فائر' کی تکمیل سے ہٹ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سیریز کا آخری ناول 'آ ڈانس ود ڈریگن' بھی 10 برس قبل شائع ہوا تھا جس کے بعد سے اس سیریز کا کوئی اور ناول منظرِ عام پر نہیں آیا۔ البتہ ناول پر بننے والی سیریز 'گیم آف تھرونز' کی کہانی مکمل ہو چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG