رسائی کے لنکس

 سبیکا کی نماز جنازہ ہیوسٹن میں ادا


امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں اسکول میں ہونے والی شوٹنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نماز جنازہ ہیوسٹن شہر کی ایک مسجد میں ادا کر دی گئی۔

سبیکا کی میت کو سرد خانے سے پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر مسجد لایا گیا۔ نماز جنازہ میں ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے اہلکاروں کے علاوہ سیکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں امریکی کانگریس کے مقامی ارکان بھی شامل تھے۔

ہیوسٹن میں سبیکا کی ہوسٹ فیملی نے نماز جنازہ کے بعد سبیکا کے ساتھ گزارے وقت کا جذباتی انداز میں ذکر کیا جس سے حاضرین اشکبار ہو گئے۔

مقامی مسجد ہمزہ میں نماز جنازہ اور تعزیتی تقریب کے بعد ہیوسٹن میں پاکستانی کونسل جنرل عایشہ فاروقی 17 سالہ سبیکا کی میت کے ہمراہ ہوائی اڈے روانہ ہو گئیں جہاں سے آج رات کو میت پاکستان روانہ کر دی جائے گی۔ میت پیر اور منگل کی درمیانی شب پاکستان پہنچے گی۔

سبیکا شیخ سینتا فے ہائی سکول میں جمعہ کے روز ہونے والی شوٹنگ میں ہلاک ہو گئی تھی۔ اس واقعہ میں 8 طلبا اور 2 ٹیچر ہلاک ہو گئے تھے۔

سبیکا کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی رہائشی تھیں۔ وہ ایک یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت 21 اگست، 2017 سے ہیوسٹن کے ایک ہائی سکول میں تعلیم حاصل کر رہی تھیں اور اُنہیں اگلے ماہ پاکستان واپس لوٹنا تھا۔

XS
SM
MD
LG