رسائی کے لنکس

2011ء کے لیے فلبرائیٹ اسکالرشپس کا اعلان


کیلی فورنیا: اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی ایک پاکستانی طالبہ
کیلی فورنیا: اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی ایک پاکستانی طالبہ

سال 2011ء کےلیے ‘فلبرائیٹ’ کی اعلیٰ ڈگریوں کے سلسلے میں مالی اعانت کےلیے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے: امریکی سفارت خانے کا اعلان

ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی تعلیمی فاؤنڈیشن (یو ایس اِی ایف پی) نے سال 2011ء کے لیے ‘فلبرائیٹ’ کی اعلیٰ ڈگریوں کے سلسلے میں مالی اعانت کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی ہے۔

یو ایس اِی ایف پی ایک دو ملکی کمیشن ہے جو تعلیمی تبادلے کے مواقع کے ذریعے پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔

یہ بات پیرکے روز سفارت خانہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ، اسلام آباد کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔

سنہ 1951 سے لے کر اب تک یو ایس اِی ایف پی دنیا بھر میں کام کرنے والے 51فلبرائیٹ کمیشنوں میں سے ایک اور اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

فلبرائیٹ پروگرام کے لیے حکومتِ امریکہ مالی تعاون فراہم کرتی ہے اور یہ پروگرام تعلیمی قابلیت اور قیادت کے معیار پر پورا اترنے والے شرکا کو امریکہ میں حصولِ تعلیم، درس و تدریس اور یونی ورسٹیوں یا تعلیمی اداروں میں تحقیق کے مواقع مہیا کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے فلبرائیٹ پروگرام، امریکہ میں کسی مسلمہ یونی ورسٹی میں تعلیم، مطلوبہ کتب، ہوائی سفر کا کرایہ، رہائش کا خرچہ اور ہیلتھ انشورنس کے لیے مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ خواتین، اقلیتوں ، معذور افراد اور فاٹا، صوبہٴ سرحد اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کی اِس پروگرام کےلیے درخواست دینے کی انتہائی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبِ علم ایم اے یا پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ایم سے پروگرام کے درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ لازمی طور پر 16سال کی رسمی تعلیم مکمل کر چکے ہوں۔ پی ایچ ڈی پروگرام کے درخواست گزاروں کے لیے 18سال کی رسمی تعلیم کی تکمیل کا حامل ہونا ضروری ہے۔ حکومتِ امریکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے اشتراک سے اِس پروگرام کو فروغ دینے اور اِس کے لیے اعانت کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ، طب کے سوا، دیگر تمام مضامین میں درخواست دی جاسکتی ہے۔ إِن وظائف کے ترجیحی شعبہ جات درجِ ذیل ہیں:
1 توانائی
2 پانی اور انوائرنمنٹ مینجمنٹ
3 زراعت اور حیواناتی علوم
4 صحت (نرسنگ، صحت سے منسلک پیشے، طبی ٹیکنالاجی، صحتِ عامہ۔
5 تعلیم
6 ہیومینیٹیز اور سماجی علوم (پبلک ایڈمنسٹریشن، ابلاغِ عامہ و ابلاغیات، پبلک پالیسی، وغیرہ)

فل برائٹ درخواست گزاروں کو چاہیئے کہ وہ فوری طور پر جی آر ای ٹیسٹ کے لیے اپنا اندراج کروائیں، جو اس پروگرام میں شمولیت کے لیے لازمی ہے۔ درخواستیں 18 مئی 2010ء تک یو ایس ایف پی میں موصول ہونی چاہیئیں۔ مزید معلومات کے لیے اس ویب سائٹ سے رجوع کریں

www.usefpakistan.org

XS
SM
MD
LG