رسائی کے لنکس

فرانس: مسجد میں شرپسندوں کی توڑ پھوڑ


فرانس کی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ جزیرہ کورسیکا کے مرکزی شہر میں واقع ایک مسجد میں شرپسندوں نے توڑ پھوڑ کی ہے اور عمارت کو نقصان پہنچایا ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر اجوشیو میں واقع مسجد کو نامعلوم شرپسندوں نے پیر کی رات نذرِ آتش کرنے کے بعد عمارت کی دیواروں پر نسل پرستی پر مبنی نفرت انگیز نعرے تحریر کردیے۔

فرانس کے وزیرِ داخلہ کلاڈ گینٹ نے واقعہ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا عزم ظاہر کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنوبی فرانس کے ایک قصبے میں مبینہ طور پر القاعدہ سے منسلک ایک مسلم شدت پسند کے ہاتھوں سات افراد کے قتل کے بعد فرانس کے مسلم راہنما مسلمانوں کے ساتھ نسلی امتیاز میں اضافے اور ان پر حملوں کے خدشے کا اظہار کر رہے تھے۔

واقعے کے بعد فرانسیسی پولیس نے شدت پسندی میں ملوث ہونے کے شبہ میں ملک کے طول و عرض سے درجنوں مسلمانوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

حالیہ واقعات اور گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب فرانس میں 22 اپریل سے صدارتی انتخابات کا آغاز ہونے جارہا ہے جس میں موجودہ صدر نکولس سرکوزی بھی امیدوار ہیں۔

قدامت پسند سرکوزی کے مخالفین نے مبینہ شدت پسندوں کے خلاف حالیہ چھاپوں کو ان کی انتخابی چال قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔

XS
SM
MD
LG