رسائی کے لنکس

چوتھا ڈیموکریٹ مباحثہ: امیدواروں کی صدر ٹرمپ کے مواخذے کی حمایت


مباحثے میں شریک تمام 12 ڈیموکریٹ امیدواروں نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی حمایت کی۔
مباحثے میں شریک تمام 12 ڈیموکریٹ امیدواروں نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی حمایت کی۔

امریکہ کے آئندہ برس ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے ڈیموکریٹ جماعت کے امیدواروں کے درمیان چوتھا مباحثہ منگل کی شب منعقد ہوا۔

اس مباحثے میں شریک تمام امیدواروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی حمایت کی ہے۔

امریکی ریاست اوہائیو کی اوٹربائن یونیورسٹی میں تین گھنٹوں تک جاری رہنے والے اس مباحثے میں 12 ڈیموکریٹ امیدوار شریک ہوئے۔

’ڈیموکریٹ کے مباحثے کے دوران امریکی صدر کے مواخذے کا معاملہ موضوع بحث بنا رہا۔ صدارتی امیدوار کے ٹکٹ کے خواہش مند امیدوار اپنے حامیوں کو یہ بتانے کی کوشش کرتے رہے کہ صدر ٹرمپ کا مواخذہ کیوں ضروری ہے۔

امریکہ کے سابق نائب صدر جو بائیڈن کو ڈیموکریٹ جماعت کے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل سب سے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔

جو بائیڈن نے مباحثے کے دوران صدر ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ امریکی صدر ہماری تاریخ کے کرپٹ ترین شخص ہیں۔

ڈیموکریٹ کے صدارتی ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ایک اور اہم امیدوار ایلزبتھ وارن نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات کچھ مسائل سیاست سے بڑھ کر ہوتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے قانون توڑا ہے اور قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آگے بڑھنی چاہیے۔

مباحثے کے دوران شام سے امریکی فوج کے انخلا اور شام کی حالیہ صورتِ حال کا بھی ذکر آیا۔ ڈیموکریٹ امیدواروں نے شام سے متعلق صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

جو بائیڈن نے صدر ٹرمپ کی جانب سے کرد جنگجوؤں کو شام میں تنہا چھوڑنے کے فیصلے کو شرمناک قرار دیا۔ اُن کے بقول، یہ وہ شرمناک ترین کام تھا جو انہوں نے کسی بھی امریکی صدر کو کرتے دیکھا۔

ڈیموکریٹ کی طرف سے 2020 کے صدارتی امیدوار کے ٹکٹ کے حصول کی ایک اور اہم امیدوار اور کیلی فورنیا کی سینیٹر کمالا ہیرس نے شام کی صورتِ حال سے متعلق کہا کہ یہ بحران صدر ٹرمپ کا پیدا کردہ ہے۔

واضح رہے کہ ڈیمو کریٹس کے مباحثے کے چار راؤنڈز مکمل ہو چکے ہیں جب کہ پانچواں مباحثہ 20 نومبر کو منعقد ہوگا جہاں ارکان صدارتی انتخاب برائے 2020 میں صدر ٹرمپ کے مقابلے میں ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے اپنی اہلیت ثابت کرنے کے لیے دوبارہ زور لگائیں گے۔

ان امیدواروں میں سے کون ڈیموکریٹ پارٹی کا حتمی طور نامزد ہونے کے بعد 2020 کے صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ کا مقابلہ کرے گا۔ اس بات کا فیصلہ 3 فروری کو ریاست آیووا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے 'کاکس' میں کیا جائے گا۔ (کاکس، امیدوار کے انتخاب کا ایک طریقہ ہے جس میں سیاسی جماعت کے مخصوص ارکان اپنی جماعت کے امیدوار کا انتخاب کرتے ہیں)

XS
SM
MD
LG