پاکستان کے صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ضلع گوجرانوالہ میں ایک کارروائی کے دوران چارمشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ کارروائی انٹلیجنس معلومات کی بنا پر کی گئی تھی اور اس دوران تین مشتبہ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
عہدیدار کے مطابق ایمن آباد کے علاقے میں مشتبہ شدت پسندوں کی گاڑی کو روکا گیا لیکن اُنھوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی اور اس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی جس میں چار عسکریت پسند مارے گئے۔
مارے گئے مشتبہ دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے کی گئی ہے اور اس کا تعلق مبینہ طور پر القاعدہ سے بتایا جاتا ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے عہدیدار کے مطابق عبدالرحمان فرقہ وارانہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث ہونے کی بنا پر پولیس کو مطلوب تھا۔ جب کہ مارے گئے باقی تین دہشت گردوں کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مارے گئے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صوبے میں مشتبہ دہشت گردوں کی خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور رواں ماہ کے اوائل میں ضلع شیخوپورہ میں ایک ایسی ہی ایک کارروائی میں آٹھ مشتبہ شدت پسندوں کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔